رسائی کے لنکس

مسلم لیگ نون نے وزیراعظم کے لیے شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب کے لیے مریم نواز کو نامزد کر دیا

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کی بطور وزیرِ اعظم حمایت کے اعلان کے بعد شہباز شریف اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔

10:57 13.2.2024

عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والے ووٹر کے اعتماد میں خیانت کریں گے: رہنما پی ٹی آئی

تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ جو بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑے گا، وہ اپنے ووٹر کے اعتماد میں خیانت کرے گا۔

پشاور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ آج عمران خان سے ملاقات کے لیے جا رہے ہیں اور انہیں حکومت سازی سے معتلق تجاویز پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کسی بھی منتخب نمائندے پر عدم اعتماد نہیں ہے۔ جہانگیر ترین، محمود خان اور پرویز خٹک کا حال قوم نے دیکھ لیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ آصف علی زرداری نے سندھ میں ان کی جماعت کے کامیاب نمائندوں کی نشستیں زبردستی حاصل کر لی ہیں جب کہ نواز شریف نے 21 نشستوں پر کامیابی کے بعد وکٹری اسپیچ کی ہے۔

11:42 13.2.2024

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں انتخابی نتائج پر تنازعات اور اب تک حکومت سازی نہ ہونے کے اثرات پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی صورت میں دیکھے جا رہے ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں ایک ہی ٹریڈنگ سیشن میں آج بھی 1200 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ہے۔ معاشی ماہر خرم شہزاد کے مطابق انتخابات کے بعد صرف دو سیشنز میں سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 427 ارب روپےکا نقصان ہوا ہے۔

خرم شہزاد کے مطابق مارکیٹ میں مندی کی بنیادی وجہ کسی جماعت کو اکثریت نہ ملنا اور مخلوط پارلیمان کا وجود میں آنا ہے جب کہ موجودہ بے یقینی کی صورتِ حال میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنا مشکل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کار اس انتظار میں ہیں کہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی جماعت کی جانب سے کیا ٹھوس اعلانات ہوتے ہیں اور اس کی معاشی ٹیم کے پاس ملک کی معیشت کو مشکل صورتِ حال سے نکالنے کے لیے کیا واضح پلان موجود ہے۔

11:46 13.2.2024

الیکشن میں مبینہ دھاندلی؛ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں انتخابی نتائج کے خلاف سیاسی جماعتوں کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔

قوم پرست اور بعض دیگر سیاسی جماعتوں نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد جارہ کردہ انتخابی نتائج میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے جس کے خلاف سیاسی جماعتوں کے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔

اس سلسلے میں آج کوئٹہ، قلات، قلعہ سیف اللہ، چمن، ژوب، مکران ڈویژن اور دیگر علاقوں میں مکمل اور جزوی شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

کوئٹہ میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری تجارتی مراکز اور دکانیں بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انتخابی نتائج کے خلاف چار جماعتی اتحاد نے نتائج کی درستگی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان جماعتوں میں بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی شامل ہیں۔

11:54 13.2.2024

پی ٹی آئی کا اسلام آباد پشاور موٹر وے پر احتجاج کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف نے انتخابی نتائج کو مبینہ طور پر تبدیل کیے جانے کے خلاف اسلام آباد پشاور موٹر وے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کامران بنگش نے کہا کہ تاریخی دھاندلی کے باوجود صوبے میں ان کی جماعت نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔

کامران بنگش نے الزام عائد کیا کہ ریٹرننگ افسران نے بدترین دھاندلی کرکے بعض حلقوں پر چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے امیدوار کو جتوایا جس کے خلاف آج دو بجے سے موٹروے ٹول پلازہ پر دھرنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن اور جمہوری طریقے سے اپنے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG