پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہونے والا ہے: مسلم لیگ(ن) کی نامزد وزیرِ اعلیٰ مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے نامزد وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو صوبے میں واضح اکثریت ملی ہے۔
لاہور میں اپنی جماعت کے منتخب ارکانِ اسمبلی سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال اور دن کے 24 گھنٹے بھی بہت کم ہیں اور ہمیں بہت کام کرنا ہے۔ اس کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 296 صوبائی حلقوں کو اضلاع کے طور پر دیکھنا ہےجہاں صفائی ستھرائی اور پانی کی فراہمی سمیت بنیادی ضروریات پہنچانے کا کام کرنا ہے جو بہت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عہدکرتے ہیں کہ پنجاب کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ صوبے میں ترقی کے اس سفر کو آگے بڑھائیں جو اسی کی دہائی میں نواز شریف اور اس کے بعد شہباز شریف نے ریکارڈ خدمت کرکے شروع کیا تھا۔
انہوں نے صحت، تعلیم ایمولینس سروس اور اور آئی ٹی پارکس کے قیام سمیت مختلف شعبوں میں مستقبل کے منصوبے کے اعلانات بھی کیے۔
جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی استعفے سے ختم نہیں ہوگی: سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ اگر کسی جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی شروع ہو جائے تو جج کے استعفے سے یہ کارروائی ختم نہیں ہوگی۔
سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سے متعلق عافیہ شیر بانو کیس کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ پانچ رکنی بینچ نے چار ایک کی اکثریت سے یہ فیصلہ سنایا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔
عدالت نے عافیہ شیر بانو کیس میں قرار دیا تھا کہ ریٹائرڈ ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی نہیں ہوسکتی۔ اس فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت نے اپیل دائر کی تھی۔ یہ اپیل سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مطاہر علی اکبر نقوی کے استعفے کے بعد دائر کی گئی تھی۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب ان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں متعدد درخواستیں دائر تھیں۔
سندھ ہائی کورٹ: الیکشن کے دن انٹرنیٹ کی بندش پر وفاقی حکومت سے جواب طلب
- By محمد ثاقب
سندھ ہائی کورٹ نے ملک میں انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں ملک میں انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے عدالتی احکامات کے باوجود آٹھ فروری کو انٹرنیٹ کی بندش کی وجوہات طلب کی۔
عدالت نے کہا کہ انٹرنیٹ سروسز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بحال کیے جائیں۔ بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کردی۔
چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں اور قوم سے معافی مانگیں: سراج الحق
جماعتِ اسلامی پاکستان کے سربراہ سراج الحق نے کہا ہے کہ اس الیکشن میں لوگوں نے ماضی کے مقابلے میں جماعتِ اسلامی پر زیادہ اعتماد کیا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ الیکشن پر ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔ یہ تحقیقات تب ہو سکتی ہیں جب چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنا استعفیٰ قوم کے سامنے پیش کریں، معافی مانگیں اور 50 ارب سے زیادہ غریب عوام کا پیسہ جو الیکشن 'ڈرامے' پر خرچ کیا ہے اس کا حساب بھی پیش کریں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس ملک میں غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی ہے یہ انہیں دو پارٹیوں کی وجہ سے ہے جنہوں نے گزشتہ شب حکومت بنانے کا اعلان کیا۔