تحریکِ انصاف کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کو پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کا اہم کردار قرار دیا ہے جب کہ ان کے تقرر کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں سب سے اہم کردار محسن نقوی کا تھا۔
تحریکِ انصاف کے کارکنان سے ورچوئل خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی پی ٹی آئی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے نیب سے پلی بارگین کرکے اپنے کیسز ختم کرائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ محسن نقوی اب ان لوگوں اور بیوروکریٹس کو لائیں گے جو پی ٹی آئی کا مخالف ہوگا۔ پولنگ اسٹیشنز میں وہ اسٹاف لگایا جائے گا جن کی مدد سے تحریکِ انصاف کو ہروایا جائے گا۔ وہ ایسا عملہ لگائیں گے جس سے پی ٹی آئی کو کامیابی نہ ملے۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ آصف زرداری محسن نقوی کو اپنا منہ بولا بیٹا کہتے ہیں اور زرداری کی بدعنوانی سے سب واقف ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد قواعد کے مطابق سبک دوش ہونے والی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے ناموں پر اتفاقِ رائے نہ ہونے کے بعد اتوار کو الیکشن کمیشن نےمحسن نقوی کو پنجاب کا نگران وزیرِ اعلیٰ مقرر کیا تھا۔
عمران خان نے ایک بار پھر حکومت اور الیکشن کمشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اب کوشش کی جا رہی ہے کہ کنٹرولڈ الیکشن کرائے جائیں۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ تحریک اںصاف مختلف شہروں میں احتجاج شروع کرنے جا رہی ہے۔ محسن نقوی کو بطور وزیرِ اعلیٰ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے عدالت جانے کا بھی اعلان کیا۔
اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں اضافے کا اعلان
پاکستان کے مرکزی بینک نے ملک میں شرح سود میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر نے پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ شرح سود میں ایک فی صد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اسٹیٹ بینک کے اس اعلان کے بعد شرح سود 16 سے بڑھ کر 17 فی صد ہو گئی ہے۔