جے یو آئی (ف) کا ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے عوامی تحریکِ چلانے کا اعلان کیا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ان کی جماعت کا کوئی بھی امیدوار کسی سطح پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گا۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتی کیوں کہ یہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ کم اور اسٹیبلشمنٹ کی نمائندہ زیادہ ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ انہوں نے عوام کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو متحد کر کے اعتماد میں لیں گے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں بھرپور عوامی اجتماعات کا انعقاد کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی تحریک میں وہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملائیں گے تاکہ عوامی صفوں کو متحد کرسکیں۔ ان کے بقول تحریک کا مقصد عوام کو ووٹ کے لیے متحد کرکے ان کو ووٹ کے تحفظ کے قابل بنانا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے 25 اپریل کو بلوچستان کے علاقے پشین، دو مئی کو کراچی اور نو مئی کو پشاور میں عوامی اجتماعات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تربیلا ٹی فائیو پروجیکٹ پر کام روک دیا گیا
- By شمیم شاہد
خیبر پختونخوا کے علاقے بشام میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملے کے بعد بجلی پیدا کرنے والے منصوبے تربیلا ٹی فائیو پروجیکٹ پر کام روک دیا گیا۔
پراجیکٹ انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹی فائیو منصوبے پر کام روکا گیا ہے اور اگلے نوٹی فکیشن تک تعمیراتی کام معطل رہے گا۔
واضح رہے کہ شانگلہ خود کش حملے میں پانچ چینی انجینئرز سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے اور یہ قافلہ اسلام آباد سے پراجیکٹ کی جانب رواں دواں تھا۔
تحریکِ انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت
اسلام آبادہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کے لیے انتظامیہ کو اجازت دینے کی ہدایت کر دی ہے۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ وہ چھ اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کسی کا رائٹ آف اسمبلی نہیں چھینا جا سکتا۔ عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ جو شرائط عائد کرنا چاہتی ہے وہ کرے لیکن جلسے کی اجازت دے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد میں سب نے جلسے کیے ہیں، انتظامیہ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کر لے اور پی ٹی آئی والے بھی خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو۔
سینیٹ الیکشن میں کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا آج آخری روز
- By ضیاء الرحمن
سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے والے امیدوار آج کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن پنجاب آفس کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر انتخاب دو اپریل کو ہو گا جس کے لیے امیدوار آج دوپہر تین بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔