پوپ فرانسس ستمبر میں دورہٴامریکہ سے قبل، کیوبا کا دورہ کریں گے۔
اور یوں، وہ تاریخ کے تیسرے پوپ ہوں گے جو اِس جزیرہ نما کمیونسٹ ملک کا دورہ کریں گے۔ اس سے پہلے، پوپ جان پال دوئم اور پوپ بینیڈکٹ کیوبا کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں اُنھوں نے سابق لیڈر فائڈل کاسٹرو سے ملاقات کی تھی۔
ویٹیکن حکام نے بتایا ہےکہ گذشتہ سال پوپ فرینسس نے امریکہ اور کیوبا کے تعلقات کو معمول پر لانے میں کلیدی سفارتی کردار ادا کرنے میں مدد دی تھی، جس کے لیے اُنھوں نے دونوں ملکوں کے وفود کی میزبانی کی تھی۔
کیوبا کے دورےکے بعد، وہ 23 ستمبر کو امریکہ کے تین شہروں کا دورہ کریں گے۔
پوپ فرینسس کانگریس سے خطاب کریں گے اور وائٹ ہاؤس میں صدر براک اوباما سے ملیں گے؛ اور ساتھ ہی وہ نیویارک سٹی میں اقوام متحدہ جائیں گے؛ جب کہ پینسلوانیہ کے شہر فلاڈیلفیا میں خاندانوں کی گرجا گھر ریلی میں شرکت کریں گے۔