رسائی کے لنکس

بلاول کا اتحادی حکومت سے علیحدگی کا عندیہ؛ ’ پیپلز پارٹی اتحاد سے الگ ہو کر کہاں جائے گی؟‘


PDM
PDM

مرکز میں اتحادی حکومت میں شامل دوسری بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے علیحدگی کا اشارہ دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر وفاق نے سندھ کے سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہ کیا، تو ان کی جماعت کے لیے حکومت میں شامل رہنا مشکل ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے سربراہ کے اس بیان نے معاشی اور سیاسی مشکلات کی شکار اتحادی حکومت کے سامنے ایک اور چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔

گزشتہ برس اپریل میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ اتحادی حکومت اقتدار میں آئی تھی، تاہم اس کے بعد سے سیاسی بے یقینی نے ملک کو داخلی اور معاشی مشکلات میں مبتلا کیا ہوا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کا اشارہ ایسے وقت میں دیا گیا ہے، جب حزبِ اختلاف کی جانب سے تحلیل کردہ دو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس اتحاد سے علیحدگی کا راستہ نہیں ہے البتہ مہنگائی اور دو صوبوں میں ممکنہ انتخابات کے باعث پی پی پی حکومت سے فاصلہ اختیار کرنا چاہتی ہے۔

’یہ بات غیر معمولی ہے‘

تجزیہ نگار اور سینئر صحافی مظہر عباس کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے علیحدگی کی بات پہلی مرتبہ کی ہے، اس بنا پر یہ بات غیر معمولی ہے۔

انہوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ حکومت اپنی مقبولت کھو رہی ہے، اس بنا پر بلاول بھٹو زرداری اس سے فاصلہ اختیار کر رہے ہیں لیکن ابھی ایسے حالات نہیں ہیں کہ پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدگی کا سوچ رہی ہو۔

مظہر عباس نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات میں جانا ہے، جس کی وجہ سے وہ وفاق سے فاصلہ اختیار کرنا چاہتی ہے البتہ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ حکومتی اتحاد سے الگ ہو رہے ہیں۔

’پیپلز پارٹی مردم شماری کے حوالے سے بھی دباؤ بڑھانا چاہتی ہے‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد انتخابی اتحاد نہیں ہے، اس لیے پیپلز پارٹی کو الگ جماعت کے طور پر انتخابات میں حصہ لینا ہے۔ حکومت کی موجودہ کارکردگی عوامی سطح پر متاثر کن نہیں ہے۔

مظہر عباس نے کہا کہ بلاول بھٹو سیلاب متاثرین کے امدادی فنڈذ کی بات کررہے ہیں لیکن ان کی نظر میں پیپلز پارٹی مردم شماری کے حوالے سے بھی دباؤ بڑھانا چاہتی ہے۔

سیاسی امور کے تجزیہ کار اور سینئر صحافی افتخار احمد کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری کی حکومت سے علیحدگی کے اشارے کی بنیاد سیاسی نہیں بلکہ عوامی مسئلے کی بنیاد پر ہے۔

’حکومت سے علیحدگی کا تاثر درست نہیں ہے‘

انہوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین سیلاب متاثرین کا مقدمہ لے کہ پوری دنیا میں گئے اور عالمی اداروں کو امداد کے لیے راغب کیا۔

وہ کہتے ہیں کہ ایسے میں جب بلاول بھٹو زرداری دنیا سے امداد کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اعلان کردہ رقوم کا اجرا نہ ہونے پر ان کی ناراضگی جائز ہے۔

افتخار احمد نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ بیان عوامی غم و غصہ کی عکاسی کرتا ہے لیکن یہ تاثر کہ وہ حکومت سے علیحدہ ہورہے ہیں درست نہیں ہے۔

’سیاسی جماعتیں ایک سمجھوتے کے تحت حکومت میں شامل ہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد سے الگ ہو کر کہاں جائے گی کیوں کہ حزبِ اختلاف کی جماعت تحریکِ انصاف کے ساتھ فل وقت شراکت داری نہیں ہوسکتی، لہٰذا بلاول بھٹو زرداری علیحدہ نہیں ہوں گے۔

افتخار احمد کہتے ہیں کہ حکومتی اتحاد انتخابی اتحاد نہیں ہے بلکہ سیاسی جماعتیں ایک سمجھوتے کے تحت حکومت میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو مردم شماری کے ڈیجیٹل طریقے سے انعقاد پر بھی تحفظات ہیں، وہ چاہتی ہے کہ وفاق اس کے تحفظات کا ازالہ کرے۔

وہ کہتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات اس مردم شماری کے نتیجے میں نئی حلقہ بندیوں پر ہوں گے اس بنا پر یہ سیاسی معاملہ بھی ہے۔

سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے وفاق کو خط کے ذریعے مردم شماری پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھی کہا کہ اگر اسی غلط طریقے سے کسی کی ہدایات پر ڈیجیٹل مردم شماری ہونی ہے، تو پیپلز پارٹی اس کو قبول نہیں کرتی۔

XS
SM
MD
LG