رسائی کے لنکس

آصف زرداری، تمام جمہوری تقاضے پورے کرنے والے پہلے صدر


آصف علی زرداری ترتیب کے لحاظ سے 11 ویں لیکن تمام جمہوری تقاضے پورے کرکے باعزت رخصت ہونے والے ملکی تاریخ کے پہلے صدر ہیں۔

صدر آصف علی زرداری کی اپنے عہدے سے علیحدگی اب گھنٹوں کی بات ہے۔ اتوار 8 ستمبر کی رات 12 بجے ان کے عہدے کی مدت ختم ہوجائے گی۔

آصف علی زرداری ترتیب کے لحاظ سے ملک کے گیارہویں صدر تھے لیکن تمام جمہوری تقاضوں اور مکمل عزت و احترام سے رخصت ہونے والے وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے صدر تھے ورنہ ان سے پہلے آنے والے تمام 10صدور یا تو ’جبری ہاتھوں‘ کا شکار ہو کر یا پھر غیر طبعی موت کے سبب اس اعزاز سے محروم رہے۔

میجر جنرل اسکندر مرزا ملک کے پہلے صدر تھے لیکن جنرل محمد ایوب خان نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا جبکہ ایوب خان کو عوامی احتجاج کے باعث استعفا دینا پڑا۔ ان کے بعد جنرل محمد یحییٰ خان ملک کے تیسرے صدر بنے لیکن انہیں بھی تنازعات کے سبب استعفا دے کر اپنے عہدے سے الگ ہونا پڑا۔

ذوالفقار علی بھٹو 20دسمبر 1971ء کو ملک کے چوتھے صدر بنے لیکن 13اگست 1973ء کو صدارت چھوڑ کر انہوں نے اپنے لئے وزیراعظم کا عہدہ منتخب کرلیا۔ ان کے بعد چوہدری فضل الٰہی منصب صدارت پر فائز ہوئے لیکن 1978ء میں وہ ریٹائر کر دیئے گئے۔

جنرل محمد ضیاء الحق 16ستمبر 1978ء سے 17اگست 1988ء تک صدر رہے لیکن اسی روز ایک فضائی حادثے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔ ان کے بعد سینیٹ کے چیئرمین غلام اسحق خان کو صدر بنایا گیا لیکن وہ وزیراعظم کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے میں ناکام رہے اور آخر کار انہیں مستعفی ہونا پڑا۔

سردار فاروق احمد خان لغاری نے نومبر 93ء میں ملک کی صدارت سنبھالی لیکن 2دسمبر 1997ء کو انہوں نے بھی استعفا دے دیا۔ ان کے بعد آنے والے صدر محمد رفیق تارڑ 20جون 2001ء کو جنرل پرویز مشرف کے اچانک اقتدار میں آنے کے بعد اپنے عہدے سے علیحدہ ہوگئے۔

جنرل پرویز مشرف نے بھی18اگست 2008ء کو سیاسی جماعتوں سے اختلافات، ملکی حالات کا کنٹرول قابو سے باہر ہوجانے اور بعض تنازعات کے باعث اقتدار سے علیحدگی اختیار کی۔ ان کے بعد 6ستمبر 2008ء کو موجودہ صدر آصف علی زرداری نے صدارت کا عہدہ سنبھالا جس کی مدت اتوار کو ختم ہورہی ہے۔

پیر 9ستمبر کی شام 4بج کر 30منٹ پر نئے صدر ممنون حسین ملک کے 12ویں صدر کی حیثیت سے برسر ِاقتدار آجائیں گے۔ ممنون حسین کا تعلق کراچی سے ہے اور ان کا آبائی پیشہ تجارت ہے۔
XS
SM
MD
LG