سیلفی بنانے کے شوقین افراد تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے لیکن ملائیشیا میں سیلفی بنانے کا ایک منفرد شوقین اور سرپھرا دیوانہ سامنے آیا ہے جو کوئی انسان نہیں بلکہ ایک بندر ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ملائیشیا کی جنوبی ریاست جوہور کا ایک طالب علم زیکریڈز روڈزی جب سو کر اٹھا تو اس نے دیکھا کہ اس کے موبائل فون کا کیس تو بیڈ کے نیچے پڑا ہے البتہ اس میں سے فون غائب ہے۔
گھر میں کہیں بھی ڈکیتی یا چوری کے بھی کوئی آثار نظر نہیں آ رہے تھے۔ البتہ زیکریڈز روڈزی کے والد نے گھر کے پیچھے جنگل میں ایک بندر کو دیکھا تھا۔
زیکریڈز روڈزی نے جب اپنے بھائی کے موبائل فون سے اپنے فون پرکال کی تو اسے اپنے فون کی گھنٹی کی آواز پام کے درخت کے نیچے مٹی کے اندر سے آئی اور اسے اپنا گمشدہ فون مل گیا۔
زیکریڈز روڈزی کے لیے سب سے بڑا سرپرائز فون کا ملنا نہیں بلکہ وہ سیلفی اور ویڈیوز تھیں، جو بندر نے اس کے موبائل فون سے بنائی تھیں۔
روڈزی کا کہنا تھا کہ ان کے چچا نے تو مذاق میں کہا تھا کہ شاید بندر کو سیلفی بنانی ہو اس لیے وہ اس کا فون لے اڑا ہو۔ لیکن جب انہوں نے موبائل فون کی گیلری دیکھی تو وہ حیران رہ گئے کہ وہاں بندر کی متعدد سیلفیاں اور ویڈیوز موجود تھیں۔
ان کے بقول یہ بہت مضحکہ خیز تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں حیرانی یہ تھی کہ کمرے میں باقی چیزیں بھی تھیں تو بندر صرف فون ہی کیوں لے کر گیا۔
انہوں نے کہا کہ شاید وہ فون کی رنگ برنگی کیسنگ کی وجہ سے اسے کھانے کی کوئی چیز سمجھا اور اٹھا کر لے گیا۔
بندر کی بنائی ہوئی زیادہ تر تصاویر دھندلی ہیں لیکن کچھ میں بندر کا چہرہ نظر آ رہا ہے۔
موبائل میں محفوظ ایک ویڈیو ایسی بھی ہے جس میں بندر فون چبانے کی کوشش کر رہا ہے۔
زیکریڈز روڈزی نے ہنستے ہوئے بتایا کہ ہمارے گھر میں اب مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ کیوں کہ ہم نہیں چاہتے کہ یہ واقعہ دوبارہ ہو۔