رسائی کے لنکس

فلسطینیوں کے حق میں وائٹ ہاؤس کے سامنے ہزاروں کی ریلی


شہری حقوق کے سرگرم کارکن، کورنل ویسٹ نے اپنی تقریر میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ بقول اُن کے، غزہ کے بے گناہ بچوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ سینکڑوں لوگ فوجی کارروائی میں لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس پر امریکہ کو ہمدردانہ مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے

ہفتے کے دِن واشنگٹن میں فلسطینیوں کے حق میں وائٹ ہاؤس کے سامنے ایک ریلی منعقد کی گئی، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

شرکاٴ نے غزہ میں فلسطینیوں کے حق میں نعرے بلند کیے۔ اُنھوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے، اسرائیلی فوجی کارروائی کی مذمت کی گئی تھی، اور اقوام متحدہ اور امریکہ سے فوری جنگ بندی کے لیے آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں، کونسل آن امریکن اسلامک رلیشنز (کیئر) کے منتظم، نہاد عوض نے غزہ کی صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

اُنھوں نے کہا امریکی شہری کی حیثیت سے، ریلی کے شرکاٴ کا یہ فرض ہے کہ ریلی کو پُرامن رکھیں، اور اپنی آواز بلند کرنے کا مؤثر ترین طریقہ یہ ہےکہ اپنے حلقے کے منتخب رکن سے رابطہ کرکے اُنھیں غزہ کی صورت حال پر اپنے احساسات سے آگاہ کیا جائے۔

بقول اُن کے، اِس بات میں کوئی شک نہیں کہ غزہ کے فلسطینیوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، اور بے گناہ لوگوں کو، جن میں معصوم بچے اور خواتین کی بڑی تعداد ہے، مارا جا رہا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ آج اکٹھا ہونے والا مجمع سوشل میڈیا کا مرہون منت ہے، اور شرکا سے کہا کہ غزہ کے معاملے پر آگہی پیدا کرنے کے لیے بے گناہ لوگوں کی تصاویر اور بے لاگ اور آزاد ذرائع کی رپورٹیں سماجی میڈیا پر اپ لوڈ کریں۔

شہری حقوق کے سرگرم کارکن، کورنل ویسٹ نے اپنی تقریر میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ بقول اُن کے، غزہ کے بے گناہ بچوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ سینکڑوں لوگ فوجی کارروائی میں لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس پر امریکہ کو ہمدردانہ مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے۔

ریلی کے شرکا نے اسرائیل کے خلاف نعرے بھی بلند کیے۔

XS
SM
MD
LG