رسائی کے لنکس

پی ایس ایل کے چند نہ بھلائے جانے والے تنازعات 


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کو شروع ہونے سے چند دن پہلے لیفٹ آرم اسپنر آصف آفریدی پر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر دو سال کی پابندی نے ان پرانے تنازعات کوایک بار پھر زندہ کردیا جنہیں شایقین ہر سال بھلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

آصف آفریدی کو کشمیر پریمیئر لیگ کے دوران میچ فکسنگ کی پیشکش کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگا ہ نہ کرنے پر دو سال کے لیے معطل کیا گیا، جس سے ان کی ٹیم سابق چیمپئنز ملتان سلطانز کو ایونٹ سے قبل ایک جھٹکاضرور لگا۔

آصف آفریدی سے پہلے بھی کئی کھلاڑی پی ایس ایل سے قبل یا اس کے دوران اپنی نااہلی کی وجہ سے نقصان پہنچا چکے ہیں لیکن مداحوں نے ایک کھلاڑی کی غلطی کی سزا پوری لیگ کو نہ دے کر اس پر بھروسے کا ثبوت دیا۔

کبھی کوئی انٹرنیشنل کھلاڑی اہم میچ سے قبل لیگ چھوڑ کر چلا گیا ، تو کبھی دو پاکستانی کرکٹرز کی بلاوجہ لڑائی نے شایقین کو بددل کیا، لیکن جہاں ان واقعات کی وجہ سےلیگ کی جگ ہنسائی ہوئی، وہیں اس میں ہونے والے کانٹے کے مقابلوں نے ان تنازعات کو دبا نے میں اہم کردار ادا کیا۔

جس لیگ نے پاکستان کو کئی اسٹار کھلاڑی دیے ، جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں واپسی ہوئی اور جسے مبصرین بلاشبہ ایک بہتر لیگ کہتے ہیں، اس میں اور کن کن تنازعات نے جنم لیا، آئیے جانتے ہیں۔

جب دو انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے طیش میں آکر شایقین کو بری طرح مایوس کیا

پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں جہاں شایقین کا جوش و خروش دیدنی تھا، وہیں کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں تھے۔ ایسےمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاورزلمی کے درمیان ایک میچ میں وہاب ریاض اور احمد شہزادکے درمیان ہونے والی لڑائی نے مداحوں کوسخت مایوس کیا۔

جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس ووقت دونوں کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے جس کی جہ سے اس واقعہ کو دنیا بھر کے پریس نے خوب اچھالا۔ معاملہ اس وقت بگڑا جب ایک گیند پر باؤنڈری کھانے کے بعد بائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے وہاب ریاض نے احمد شہزاد کو آؤٹ کرکے زوردار جشن منایا۔

وہاب ریاض کا وکٹ حاصل کرنے پر خوش ہونا آؤٹ ہونے والے بلے باز کو ایک آنکھ نہ بھایا اور دونوں کےدرمیان پہلے تکرار ہوئی جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی جانب بڑھے۔ اس سے پہلے کے معاملہ مزید خراب ہوتا،امپائرز اور ساتھی کھلاڑیوں نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔

دونوں کی اس حرکت نے پی ایس ایل کو پہلے ہی سیزن میں بدنام کیا، اور اسی وجہ سے میچ ریفری روشن ماہنامہ نے احمد شہزاد پر میچ فیس کا 30 فیصد اور وہاب ریاض پر 40 فیصد جرمانہ کرکے انہیں آئندہ ایسا نہ کرنے کی تنبیہ کی۔

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں سامنے آنے والا اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل

پہلے کامیاب سیزن کے بعد پاکستان سپرلیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے سٹے بازوں نے اس لیگ کا رخ کیا، لیکن انڈین پریمیئر لیگ میں ہونے والی فکسنگ سے انتظامیہ آگاہ تھی اور یہی وجہ ہے کہ دوسرے ایڈیشن کے دوران کئی کھلاڑی پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی پکڑ سے نہ بچ سکے۔

دوسری پی ایس ایل میں جن کھلاڑیوں کو فکسنگ میں ملوث ہونے یا پھر بک میکرز کی طرف سے ہونے والی پیشکش کی بروقت اطلاع نہ دینے پر پابندی لگی ان میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، محمد عرفان، شاہزیب حسن اور محمد نواز شامل تھے۔

کراچی کنگز کے شرجیل خان پر الزام تھا کہ انہوں نے 20 لاکھ روپے کے بدلے میں دو ڈاٹ بال کھیلیں جب کہ خالد لطیف نے ساتھی کھلاڑیوں کو شہہ دی کہ وہ بھی فکسنگ کا حصہ بنیں۔ دونوں کھلاڑیوں پر الزام ثابت ہونےکی بنا پر پانچ پانچ سال کی پابندی لگی۔

لیکن سب سے زیادہ سزا جس کھلاڑی کو ملی وہ تھے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی ناصر جمشید جنہیں دس سال کے لیے کھیل سے دور کردیا گی۔ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں انہیں پہلے معطل کیا گیا تھا لیکن الزامات ثابت ہونے کے بعد ان پر دس سال کی پابندی لگادی گئی۔

جب 'ریلو کٹے' کرکٹرز کو دوسرے ایڈیشن کے فائنل کے لیے مدعو کرنا پڑا

پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل پاکستان میں ہونےکا کیااعلان ہوا، کئی اہم کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی جس میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور سری لنکا کے کمار سنگاکار کا نام سرفہرست تھا۔

ان کھلاڑیوں نے سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناکر پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد بورڈ نےچند ایسےکھلاڑیوں کو بطور متبادل مدعو کیا جن کا انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑا مقام نہیں تھا، انہی کرکٹرز کو مایہ ناز سیاستدا ن و سابق کرکٹرعمران خان نے ریلو کٹے کہہ کر اپنے اور کھلاڑیوں کے مداحوں کی جو دل آزاری کی اس سے اس ایونٹ کو نقصان پہنچا۔

جب ناقص امپائرنگ نے کرکٹرز اور شایقین دونوں کو مایوس کیا

پاکستان سپر لیگ کے ہونے والے ساتوں ایڈیشن میں زیادہ تر میچوں میں امپائرنگ کا معیار اچھا رہا ہے تاہم اہم مواقع پر ناقص امپائرنگ سے کئی میچز متاثر ہوئے۔

تیسری پی ایس ایل کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ایک میچ کے دوران ایسے ہی ایک فیصلے نے اسلام آباد کی شکست میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

جب موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے پانچواں پی ایس ایل ایڈیشن مشکوک بن گیا!

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں اس وقت ایک عجیب صورت حال پیدا ہوگئی جب کراچی کنگز کے ڈگ آؤٹ میں ایک غیر متعلقہ شخص کو موبائل استعمال کرتے ہوئے کیمرے نے دیکھ لیا۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ڈگ آؤٹ میں موبائل فون کا استعمال صرف اور صرف مینجر کرسکتا ہے جو ٹیم شیٹ کے مطابق طارق وصی نہیں تھے، بلکہ نوید راشد تھے۔

جب کرونا کی وجہ سے پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن تعطل کا شکار ہوا

پاکستان سپر لیگ کا چھٹاایڈیشن 2021 پاکستان میں بائیو سیکیور ببل میں زور و شور سے جاری تھا کہ دو ہفتے کے اندر اندر چھ کھلاڑیوں اور ایک آفیشل کے کرونا میں مبتلاہونے کی وجہ سے اسے معطل کرنا پڑا۔

لیگ کے باقی میچز کا انعقاد اسی سال جون میں متحدہ عرب امارات میں تو ہوگیا لیکن اس سے قبل فرانچائز مالکان نے بورڈ کو جلدبازی میں لیگ منعقد کرانے پر آڑھے ہاتھوں لیا جس کےنتیجے میں بورڈ کے ملازم ڈاکٹرسہیل سلیم کو مستعفی ہونا پڑا۔

جب ایک آسٹریلوی کھلاڑی نے غلط بیانی کرتے ہوئے لیگ کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی!

سابق آسٹریلوی فاسٹ بالر جیمز فاکنر نے گزشتہ سال ہونے والے پی ایس ایل کے ایڈیشن کے دوران اپنی فرانچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر مالی تقاضے پورے نہ کرنے کا الزام لگا کر لیگ سے دستبرداری اختیار کی، تاہم جاتے جاتے وہ جس ہوٹل میں ٹھہرے تھے اس میں توڑ پھوڑ کے مرتکب پائے گئے۔

جیمر فاکنر کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کھلاڑی کے قابل مذمت رویے پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے اور بتایا کہ سات سال میں کسی بھی غیر ملکی کرکٹر نے کنٹریکٹ کی ذمہ داریوں کو پورا نہ کرنے کی شکایت نہیں کی۔

بورڈ کے مطابق جس بے ضابطگی کا الزام جیمز فاکنر لگارہے تھے اس کےذمہ دار ان کے اپنے ایجنٹ ہیں جنہوں نے دسمبر 2021 میں ادائیگی کے لیے فاکنر کے برطانوی بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کی تھی۔

آسٹریلوی کھلاڑی کی سنگین بدتمیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے بورڈ نے یہ بھی کہا کہ یہ الزامات پی سی بی، اور پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کی کوشش تھی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جیمز فالکنر کو آئندہ ایونٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

جب ایلکس ہیلز مسلسل ببل میں رہنے کی وجہ سے لیگ سے باہر گئے، اور پھر واپس بھی آگئے!

انگلش کرکٹر ایلکس ہیلر کا شمار بلاشبہ ان کرکٹرز میں ہوتا ہے جن کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پی ایس ایل کے مرہونِ منت ہے ۔ گزشتہ سال پی ایس ایل کے دوران لیگ سے کنارہ کشی سے ان کے مداح تو سخت مایوس ہوئے تھے لیکن انہوں نے اسے ناگریز قرار دیا تھا۔

تاہم ساتھی کھلاڑیوں کی انجری کی وجہ سے وہ دوبارہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں واپس آئے اور بغیر بائیو سیکیور ببل کا حصہ بنےانہوں نے پلے آف مرحلے میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی اور انہیں ایک میچ میں کامیابی دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG