رسائی کے لنکس

کوئٹہ نے اسلام آباد کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا


پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے کر، پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 135 رنز کا ہدف دیا، جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے18ویں اوور میں4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پہلے کھلاڑی والٹن تھے جنہیں انور علی نے 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ نئے بیٹسمین آصف علی بھی ناکام رہے اور صرف 6 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد رونکی اور جے پی ڈومینی نے اننگز کو آگے بڑھایا اور تیز رفتاری کے ساتھ اسکور میں اضافہ کیا۔ ہیسٹنگز کے ایک اوور میں رونکی کے 24 رنز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے پاور پلے میں 2 وکٹوں پر 52رنز بنالئے۔

رونکی کے تیور دیکھتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے بولنگ میں تبدیلی کی اور حسن خان کو اٹیک کے لئے سامنے لائے، سرفراز کا فیصلہ کارگرثابت ہوا اور حسن خان نے رونکی کو 43 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔

جے پی ڈومینی 14 رنز بناکرہیسٹنگز کی گیند پر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے، جبکہ مصباح الحق گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر محموداللہ کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف 13گیندوں پر 21 اور شاداب خان 3رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے انور علی، راحت علی، جان ہیسٹنگز، حسن خان اور شین واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر اسد شفیق اور شین واٹسن نے 31رنز کا آغاز فراہم کیا۔

شین واٹسن 13رنز بنا کر اسد شفیق کا ساتھ چھوڑ گئے، نئے بیٹسمین عمر امین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسد شفیق کو 22 رنز پر اسٹیون فن نے کلین بولڈ کیا۔

کیون پیٹرسن اور محمد نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں شاندار 70رنز بناکر ٹیم کے لئے جیت کی بنیاد رکھ دی۔

اس موقع پر پیٹرسن 34گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 48رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

پیٹرسن کے بعد کپتان سرفراز احمد میدان میں اُترے اور محمد نواز کے ساتھ مل کرٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

کوئٹہ نے مطلوبہ ہدف 18ویں اوور کی پہلی گیند پر 4وکٹیں گنواکر پورا کرلیا۔ محمد نواز 25اور سرفراز7رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

تین تین میچز کھیلنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے 4، 4 جبکہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندرز نے اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔

جمعرات کو ایونٹ کے واحد میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG