رسائی کے لنکس

جھوٹ اتنی بے دردی سے بولا گیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبوراََ خاموشی توڑنی پڑی: نواز شریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ کرنے والے اب تک دو ہزار بندے بھی جمع نہیں کر سکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں لندن میں طویل عرصے سے مقیم سابق وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے عوام کی لاتعلقی کی وجہ وہ جھوٹ ہیں جن کی حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے۔

پاکستان کے انتہائی طاقت ور خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم کی حالیہ دنوں میں کی گئی پریس کانفرنس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جھوٹ اتنی بے دردی اور ڈھٹائی سے بولا گیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبور ہو کر خاموشی توڑنی پڑی اور قوم کو سچ بتانا پڑا۔

نواز شریف نے وزیرِ اعظم سے ہونے والی گفتگو کا حوالہ دے کر کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کو کہا ہے کہ یہ دو ہزار افراد لائیں یا 20 ہزار افراد آ جائیں ان کا کوئی مطالبہ تسلیم نہ کیا جائے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون میں توسیع

پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے پیشِ نظر اسلام آباد کے ریڈ زون میں توسیع کر دی ہے۔

وزارتِ داخلہ نے ایک نقشہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ریڈ زون کا دائرہ اب زیرو پوائنٹ تک بڑھا دیا گیا ہے۔

حکام نے ریڈ زون میں کسی بھی قسم کے جلسہ جلوس کرنے اور داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانہ دائر کرنے کا اعلان

عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'امپورٹڈ حکومت' کو خوش کرنے کے لیے فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں ان کا نام لیا گیا۔ اس لیے وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانہ کریں گے۔

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میری دیانت داری پر سوال اٹھایا۔ الیکشن کمشنر کے خلاف مقدمہ درج کرواؤں گا اور ہرجانے کے پیسے نکلوا کر اسپتال میں جمع کراؤں گا۔

چیئرمین تحریکِ انصاف نے حکومت اور اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "آپ نے ان چوروں کو ڈرائی کلین کر کے ہم پر دوبارہ مسلط کر دیا ہے، پاکستانی قوم بھیڑ، بکریاں، گائے نہیں ہم انسان ہیں، خدا کے لیے پاکستانی قوم کو جانور نہ سمجھو۔"

انہوں نے کہا کہ "عوام اور فوج مل کر ملک کومضبوط کرتے ہیں۔ آپ ان چوروں کے ساتھ نہ کھڑے ہوں اور جو ان کے ساتھ کھڑا ہوگا انہی کے ساتھ رنگا جائے گا۔ ادارے تب مضبوط ہوتے ہیں جب قوم ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔"

لانگ مارچ کامونکی سے روانہ

عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ کامونکی سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کامونکی سے موڑ ایمن آباد اور پھر گوجرانوالہ جائے گا۔ عمران خان سمیت پارٹی کے مرکزی رہنما خصوصی کنٹینر پر موجود ہیں جب کہ کارکنوں کی بڑی تعداد گاڑیوں میں سوار ہیں۔

تاریخ ساز دن قریب آتا جا رہا ہے: اسد عمر

تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سارے پاکستان سے آنے والے قافلوں کی تیاری کے حتمی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وہ آج پشاور، کل راولپنڈی اور پرسوں فیصل آباد جا رہے ہیں۔

اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کا تاریخ ساز دن قریب آتا جا رہا ہے۔

آزادی مارچ آ ج گوجرانوالہ پہنچے گا: فواد چوہدری

پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں 'حقیقی آزادی مارچ' آج گوجرانوالہ پہنچے گا۔

فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ کراچی سے قافلہ آج حیدرآباد اور سکھر کے راستے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گا جب کہ خیبر پختونخوا کا قافلہ بدہ کو نکلے گا۔ ان کے بقول یہ تمام قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔

لانگ مارچ میں خاتون صحافی کی موت، شوہر کا کارروائی سے انکار

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے نیچے آ کر ہلاک ہونے والی خاتون صحافی صدف کے شوہر نعیم بھٹی نے کسی بھی قسم کی قانونی چارہ جوئی سے انکار کر دیا ہے۔

صدف نعیم کی موت اتوار کو اس وقت ہوئی جب وہ پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کی کوریج کے لیے فیلڈ میں موجود تھیں۔ وہ لانگ مارچ کے اس مرکزی کنٹینر پر جانے کی کوشش کر رہی تھیں جس پر سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی دیگر مرکزی قیادت سوار تھی۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب صدف کی نمازِ جنازہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

سوشل میڈیا پر صدف کی موت پر جہاں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ وہیں اسے قتل کا رنگ بھی دیا جا رہا ہے۔تاہم صدف کے شوہر نعیم بھٹی نے اہلیہ کی موت کو ایک حادثے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے نعیم بھٹی نے بتایا کہ انہوں نے صدف کے آخری لمحات کی ویڈیوز دیکھیں ہیں جس کے بعد یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ان کی اہلیہ کی موت کسی اور شخص کی وجہ سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیے

XS
SM
MD
LG