رسائی کے لنکس

خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی کی حزبِ اختلاف سے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کی درخواست


خیبر پختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان پیر کو ہونے والے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں حلف اٹھا رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان پیر کو ہونے والے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں حلف اٹھا رہے ہیں۔

سردار حسین بابک نے بتایا کہ اس سلسلے میں حزبِ اختلاف میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنما اپس میں صلاح مشورہ کرکے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے اپنے امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب کرانے کے لیے حزبِ اختلاف کے امیدواروں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی درخواست کی ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے نامزد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت چار ارکانِ اسمبلی پر مشتمل ایک جرگے نے منگل کو حزبِ اختلاف کے ارکانِ صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی اور ان سے دونوں عہدوں پر نامزد اپنے امیدواروں کو بٹھانے کی درخواست کی۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ تحریکِ انصاف کے جرگے کے علاوہ تحریکِ انصاف کے قومی اسمبلی میں اسپیکر کے لیے نامزد امیدوار اسد قیصر نے بھی ٹیلیفون پر ان سے رابطہ کیا ہے۔

سردار حسین بابک نے بتایا کہ اس سلسلے میں حزبِ اختلاف میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنما اپس میں صلاح مشورہ کرکے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے نامزد امیدوار محمود جان نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی جماعت نے حزبِ اختلاف سے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کی درخواست کی ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے محمود جان نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کی روایات کے مطابق اُنہوں نے جرگے کی صورت میں حزبِ اختلاف کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر ان کے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی درخواست کی ہے۔

محمود جان نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کو صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے مگر صوبے اور پارلیمانی روایات کے تحت اُنہوں نے حزبِ اختلاف سے یہ درخواست کی ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے مشتاق غنی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے محمود جان کو نامزد کیا ہے جنہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد خان نے اسپیکر کے عہدے کے لیے متحدہ حزبِ اختلاف کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دیا ہے مگر منگل کی دوپہر تک اس جماعت کے کسی بھی رکنِ صوبائی اسمبلی نے اس عہدے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔

XS
SM
MD
LG