رسائی کے لنکس

قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ صلاح الدین ربانی مستعفی


صلاح الدین ربانی (فائل فوٹو)
صلاح الدین ربانی (فائل فوٹو)

افغانستان کے قائم مقام وزیرِ خارجہ صلاح الدین ربانی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

صلاح الدین ربانی نے بدھ کو اپنا استعفیٰ صدر اشرف غنی کا بھیجا ہے جس میں انہوں نے افغانستان کی قومی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنے استعفے میں صلاح الدین ربانی نے کہا ہے کہ بطور وزیرِ خارجہ گزشتہ پانچ سال کے دوران انہوں نے اپنے ملک کی جس طرح خدمت کی، اس پر انہیں فخر ہے۔ لیکن، اس عرصے کے دوران، ان کے بقول، انہیں کئی سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

ربانی کے بقول، افغانستان کی قومی حکومت کا ماحول ابتدا سے ہی سازگار نہیں تھا اور اس تمام عرصے کے دوران ریاستی نظام کی بنیاد کی حیثیت رکھنے والے اہم اداروں کو نظر انداز کرنے اور متوازی ادارے قائم کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

اپنے استعفے میں افغان وزیرِ دفاع نے الزام لگایا ہے کہ افغانستان کی 'نیشنل یونٹی گورنمنٹ' کے تحت پورا نظامِ حکومت "کسی کی ذاتی ملکیت والی غیر سرکاری تنظیم" کی طرح چلایا جاتا رہا ہے اور پوری حکومت ذاتی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی رہی۔

صلاح الدین ربانی کے بقول، وہ افغان عوام کے ساتھ اپنی وفاداری کے جذبے کے پیشِ نظر اس طرح کے معاملات کو نظر انداز کرتے رہے، تاکہ افغانستان کے قومی مفادات اور نظام کا تحفظ کیا جا سکے۔

صلاح الدین ربانی افغانستان کے سابق صدر برہان الدین ربانی کے صاحبزادے ہیں جنہوں نے 2011 میں ایک خود کش حملے میں اپنے والد کے قتل کے بعد ان کی سیاسی جماعت 'جمعیتِ اسلامی' کی قیادت سنبھالی تھی۔

بعد ازاں، انہیں اس وقت کے افغان صدر حامد کرزئی نے افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل کا سربراہ مقرر کیا تھا جو افغانستان میں قیامِ امن کے لیے طالبان کے ساتھ رابطوں کا ذمہ دار فورم ہے۔ صلاح الدین سے قبل ان کے والد برہان الدین ربانی اپنے قتل تک اس کونسل کے سربراہ تھے۔

صلاح الدین ربانی کو افغان صدر اشرف غنی نے جنوری 2015 میں افغانستان کا وزیرِ خارجہ مقرر کیا تھا۔ لیکن، وہ گزشتہ چند ماہ سے صدر اشرف غنی کی حکومت کو سرِ عام تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔

گزشتہ ماہ کابل میں اپنے والد کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صلاح الدین ربانی نے کہا تھا کہ صدارتی محل کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی گزشتہ پانچ سال سے جاری کوششوں نے افغانستان کے سیاسی نظام کو کمزور کیا ہے۔

صلاح الدین ربانی نے ایسے وقت اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے جب افغانستان میں گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG