رسائی کے لنکس

روس کا یوکرین کے الیکٹرک سسٹم پر 99 ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ


یوکرین کے کارکیف علاقے میں روسی میزائل حملے کے بعد امدادی کارکن نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 15 فروری 2024
یوکرین کے کارکیف علاقے میں روسی میزائل حملے کے بعد امدادی کارکن نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 15 فروری 2024
  • روس نے ان حملوں میں تھرمل اور ہائیڈو الیکٹرک پلانٹس کو نشانہ بنایا۔
  • میزائل اور ڈورنز حملوں سے بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔
  • تازہ حملے وسطی اور مغربی یوکرین کے 10 علاقوں پر کیے گئے۔

یوکرین کی مسلح افواج نے بتایا ہے کہ ماسکو نے جمعے کو یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ایک بڑا پر حملہ کیا، جس میں 99 ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے ملک بھر میں مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

یوکرین کے وزیر داخلہ ایہور کلیمنکا نے کہا ہے کہ روسی حملوں سے 10 علاقوں میں اگ بھڑک اٹھی، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں فضائی حملوں کی وارننگ جاری کردی گئی۔

حالیہ دنوں میں روس نے یوکرین پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کی ابتدا دارالحکومت کیف پر کئی میزائل حملوں سے ہوئی۔ یہ حملے بظاہر یوکرین کی جانب سے روس کے سرحدی علاقے بیلگورڈ پر کیے جانے والے حملوں کا ردعمل ہیں، جس میں روس نے یوکرین بھر میں توانائی کےانفرا اسٹرکچرکو نشانہ بنایا ہے۔

توانائی کے نظام پر روسی حملوں کے نتیجے میں کئی علاقوں کو پہلے ہی سے بجلی کے تعطل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یوکرین کے شہر کارکیف کے تقریباً سات لاکھ باشندے شہر کے تھرمل پلانٹ پر روسی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد 22 مارچ سے بجلی سے محروم ہیں۔

سن 2022 اور 2023 کے دوران بھی روس نے یوکرین کے توانائی کے نظاموں کو ہدف بنایا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو اکثر بجلی کے تعطل کا سامنا رہا ہے۔

یوکرین اور مغرب میں بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ روس اس سال بھی سردیوں میں اپنی اس حکمت عملی کو دوہرائے گا۔ لیکن روس کا کہنا ہے کہ اس کی توجہ بنیادی طور پر یوکرین کی دفاعی صنعت پر مرکوز ہے۔

بجلی کے نظام کے سرکاری نگراں ادارے یوکرینوگو نے جمعے کے روز ہونے والے حملوں کے متعلق کہا ہے کہ روس نے یوکرین کے وسطی اور مغربی علاقوں میں تھرمل اور ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹس کو دیدہ و دانستہ نشانہ بنایا ہے۔

یوکرین کے صدی ولادو میر زیلنسکی نے ایک بیان میں کانیف اور ڈینسٹر ہائیڈرو پاور پلانٹس پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ روس 2023 میں کارخوفکا ڈیم جیسی تباہی پھیلا کر ماحول کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

ڈیم کی تباہی کی وجہ سے مہلک سیلاب آیا تھا، فصلوں کو نقصان پہنچا تھا اور ہزاروں لوگوں کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی میں خلل پڑا تھا۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG