روس کے ایوان زیریں نے وزیر اعظم ولادی میر پوٹن کے ایک ساتھی کو اسپیکر کے عہدے کے لیے منتخب کرلیا ہے۔ جب کہ حزب اختلاف کا الزام ہے کہ ووٹنگ میں جعل سازی کی گئی ہے۔
روس کی پارلیمنٹ ڈوما نے بدھ کے روز اپنےپہلے سیشن میں کریملن کے سابق چیف آف سٹاف سرگئی نریشکن کے حق میں ووٹ دیا۔
نریشکن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایوان میں بحث مباحثوں کی کھلی اجازت ہوگی۔
نریشکن، مسٹر پوٹن کی حکمران جماعت یونائیٹڈ رشیا پارٹی کے ایک رکن ہیں ، جسے 450 نشستوں کے ایوان میں 238 سیٹیں حاصل ہیں۔
4 دسمبر کے پارلیمانی انتخابات کےبعد حزب اختلاف ، عوام کی مدد سے جعل سازی کے خلاف پر ہجوم مظاہرے کرچکی ہے۔
ان مظاہروں کے دوران ماسکو اور دیگر کئی شہروں کی سڑکوں پر لوگوں کے بڑے بڑے ہجوم دیکھنے میں آئے تھے جنہوں نے دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیاتھا۔
ایک اور خبر کے مطابق کریملن کے ایک مخالف بلاگر ایلکسی ناولنی کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ انہیں پارلیمانی انتخابات کے بعد مخالفانہ مظاہروں کی قیادت کے الزام میں پکڑا گیاتھا۔
حکومت مخالفین ہفتے کے روز ایک اور بڑے مظاہرے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔