رسائی کے لنکس

کراچی: فائرنگ سے سعودی سفارت کار ہلاک

پولیس اور ریسکیو ورکرز اسپتال میں سعودی ڈپلومیٹ کی لاش کے پاس
پولیس اور ریسکیو ورکرز اسپتال میں سعودی ڈپلومیٹ کی لاش کے پاس

حکومت پاکستان نے سعودی سفارت کار کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے ۔ دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیرمملکت برائے اُمور خارجہ حنا ربانی کھرنے سعودی وزیرخارجہ سعود الفیصل سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اُنھیں بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور اس حملے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

کراچی میں پیر کی صبح سعودی عرب کے قونصل خانے کی ایک گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سعودی سفارت کار ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے سعودی باشندے کا نام حسن القحتانی ہے اور وہ قونصل خانے میں سفارت کاروں کے حفاظتی اُمور کا نگران تھا۔ کراچی پولیس کے مطابق مقتول گذشتہ سات سال سے قونصل خانے میں تعینات تھا۔

کراچی پولیس کے ڈی آئی جی اقبال محمود نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مقتول سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ سعودی قونصل خانے کی حفاظت کو مزید سخت کردیا گیا ہے اور کراچی میں مقیم ان کے اہلکاروں کو بھی سکیورٹی بڑھائی جارہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی طالبان نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حکومت پاکستان نے سعودی سفارت کار کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے ۔ دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیرمملکت برائے اُمور خارجہ حنا ربانی کھرنے سعودی وزیرخارجہ سعود الفیصل سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اُنھیں بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور اس حملے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت پاکستان کے عزم کوکمزور نہیں کر سکتے۔ اُنھوں نے بیان میں یقین دلایا کہ پاکستان میں موجود سفارت کارروں کی حفاظت کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان میں بھی سعودی سفارت کار حسن القحتانی کے قتل کی شدید مذمت اور اُن کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”دہشت گرد ثابت کر چکے ہیں کہ وہ مذہب ، قومیت اور نسل کا لحاظ کیے بغیر ہر کسی کو نشانہ بنائیں گے۔ امریکہ ڈر، تشدد اور خوف سے پاک ایک محفوظ اور مواقع سے بھرپور مستقبل کے لیے پاکستان کے عوام کی کوششوں میں اُن کی مدد جاری رکھے گا“۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں گذشتہ بدھ کو سعودی عرب کے قونصل خانے پر نامعلوم افراد نے دو دستی بموں سے حملہ کیا تھا لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG