بالی وڈ کے سلطان کہلانے والے اداکار سلمان خان کی بھانجی علیزے اگنی ہوتری جلد فلموں میں نظر آئیں گی۔ ان کی فلم کی عکس بندی کا آغاز ہو گیا ہے جو آئندہ برس ریلیز کی جائے گی۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' علیزے اگنی ہوتری فلم ساز سومندرا پڈھی کی فلم میں ڈیبیو کریں گی جو 2023 میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم ساز سومندرا پڈھی بھارت کے نامور فلم ساز ہیں جن کی سیریز 'جام تارہ' نیٹ فلکس پر خوب مقبول ہوئی ہے۔
اداکارہ علیزے اگنی ہوتری سلمان خان کی بہن علویرہ خان اگنی ہوتری اور پروڈیوسر اتل اگنی ہوتری کی بیٹی ہیں۔
حالیہ دنوں میں کئی مقبول اداکار اور پروڈیوسر کے بچوں نے بالی وڈ میں ڈیبیو کیے ہیں۔ ان میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانہ خان، ہدایت کار اور فلم ساز بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور اور امیتابھ بچن کا نواسہ اگستیا نندا شامل ہے۔
علیزے اگنی ہوتری بھی اب ان اسٹارز کی فہرست میں شامل ہونے جا رہی ہیں جن کے والدین یا رشتہ دار بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان خان بھی جلد فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' میں اداکارہ پوجا ہیج کے ساتھ نظر آئیں گے۔ ان کی فلم 2023 میں عید کے موقع پر متوقع ہے۔
اس کے علاوہ سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم 'ٹائیگر 3' 2023 میں دیوالی پر ریلیز کی جائے گی۔