رسائی کے لنکس

سام سنگ کی گلیکسی ایس 23 سیریز متعارف، پاور فل کیمرا بھی موجود


فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'سام سنگ' نے اپنی فلیگ شپ سیریز 'گلیکسی ایس 23' کے تین نئے ماڈل متعارف کرا دیے ہیں جن میں انتہائی طاقت ور کیمرے شامل ہیں۔

سام سانگ یہ موبائل فون ایک ایسے وقت میں متعارف کرا رہا ہے جب موبائل مارکیٹ عالمی کساد بازاری کے سبب سکڑ رہی ہے۔

خبر رساں ادارے'رائٹرز' کے مطابق بعض مبصرین کا خیال ہے کہ گلیکسی ایس 23 اسمارٹ فون سیریز اپنے گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار چیپس اور طاقت ور کیمروں کے باوجود صارفین کی زیادہ توجہ حاصل نہیں کر سکے گا کیوں کہ بین الاقوامی معیشت افراطِ زر کا سامنا کر رہی ہے اور صارفین موبائل فون پر زیادہ رقم خرچ نہیں کر رہے۔

کمپنی حکام بھی کسی حد تک اس امر کو تسلیم کر رہے ہیں، اسی لیے نئے موبائل فونز کی قیمتیں گزشتہ برس متعارف کردہ فونز کے برابر ہی رکھی گئی ہیں۔

سام سانگ نے 'گلیکسی ایس 23' کے تین ورژن تیار کیے ہیں جن میں گلیکسی ایس 23، ایس 23 پلس اور ایس 23 الٹرا شامل ہیں۔

گلیکسی ایس 23 کی قیمت 799 ڈالر رکھی گئی ہے جب کہ ایس 23 پلس 999 ڈالر اور ایس 23 الٹرا 1199 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔

سام سنگ نے ایس 23 اور ایس 23 پلس میں 50 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل کیمرا نصب کیا ہے جب کہ پہلی مرتبہ ایس 23 الٹرا میں 200 میگا پکسل کا کیمرا شامل ہے۔اسی طرح تینوں ماڈلز میں 12 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا بھی نصب ہے۔

کمپنی نے اپنی نئی سیریز میں بیٹری کو بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر بنایا ہے۔ ایس 23 میں 3900 ایم اے ایچ، ایس 23 پلس میں 4700 ایم اے ایچ جب کہ ایس 23 الٹرا میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے۔

امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں بدھ کو نیا موبائل لانچ کرنے کی تقریب میں سام سنگ کے حکام نے گلیکسی ایس 23 الٹرا کی کارکردگی دکھانے کے لیے ریڈلی اسکاٹ کی فلم 'بی ہولڈ' اور جنوبی کوریا کی فلم 'فیتھ' بھی نشر کی جس کی فلم بندی میں سام سنگ کے اس ٹاپ لائن موبائل فون کا استعمال کیا گیا تھا۔

سام سنگ نے ایس 23 سیریز میں کوالکم کا اسنیپ ڈریگن ایٹ جنریشن ٹو کا تیز رفتار پراسیسر نصب کیا ہے جو بھاری ٹاسک کو جلد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سیمی کنڈکٹر بنانے والی امریکی کمپنی کوالکم کا کہنا ہے کہ گلیکسی ایس 23 موبائل فون میں لگایا گیا پروسیسر سو فی صد کوالکم کا تیار کردہ ہے۔

موبائل فون لانچ کرنے کی تقریب میں سام سنگ کے حکام کے ساتھ ساتھ کوالکم اور گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ ان سب نے مشترکہ طور پر ایکس آر اسپیس یعنی ورچوئل ریائلٹی اور آگمنٹڈ رئیلیٹی کے حوالے سے مشترکہ کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تینوں کمپنیوں نے ایک دہائی قبل ایکس آر اسپیس پر کام شروع کیا تھا لیکن اس وقت یہ اس لیے متحرک ہوئے ہیں کیوں کہ ممکنہ طور پر ٹیکنالوجی کمپنی 'ایپل'رواں برس میکسڈ رئیلیٹی کا ہیڈ سیٹ لانچ کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر سے دسمبر 2022 کے درمیان عالمی سطح پر موبائل فون کی شپمنٹس میں سب سے بڑی کمی دیکھی گئی تھی۔ اس دوران 30 کروڑ تین لاکھ موبائل فون کی شپمنٹس بھیجی گئیں جو کہ گزشتہ برس اس عرصے کے مقابلے میں 18 فی صد کم ہے۔

بعض ماہرین کا خیال ہے رواں برس موبائل فون کی مارکیٹ میں کچھ بہتری کا امکان ہے۔

ایسے میں جب موبائل فون مارکیٹ کو مشکلات کا سامنا ہے مبصرین کا خیال ہے کہ سام سنگ اپنے گلیسی ایس 23 اور فولڈ ایبل موبائل فون کے ذریعے منافع کے حصول کی کوشش کرے گی۔

XS
SM
MD
LG