رسائی کے لنکس

اسلام آباد: وکلا کی 'چائنا کٹنگ' پر سپریم کورٹ کا از خود نوٹس


اب تک اسلام آباد بار ایسویسی ایشن کے وکلا فٹ بال گراؤنڈ کے نصف حصے پر اپنے چیمبرز تعمیر کر چکے ہیں۔ اسی دوران، بعض فورمز پر تعمیرات کے خلاف اجتجاج کی وجہ سے عارضی تعمیرات کا سلسلہ روک دیا گیا

پاکستان میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ضلع کچہری سے متصل سیکٹر ایف 8 کے فٹ بال گراؤنڈ پر قبضہ اور وکلا کے چیمبرز کی تعمیر پر ازخود نوٹس لیکر وفاقی ترقیاتی ادارے کے چئیرمین سے تین روز میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ضلع کچہری سے متصل اسلام آباد کے اس فٹبال گراؤنڈ پر ایک عرصہ سے وکلا کا قبضہ ہے اور پہلے صرف اس کو پارکنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ لیکن، اب کچھ عرصے سے وکلا نے یہاں پر اپنے چیمبر بھی تعمیر کرنا شروع کر دیے ہیں۔

چیمبرز تعمیر کرنے پر سوشل میڈیا اور بعض پاکستانی اخبارات میں خبریں شائع ہوئیں اور جب سی ڈی اے کی ٹیمیں ان تجاوزات کو ہٹانے کے لیے پہنچیں تو انہیں وکلا کی طرف سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس پر وہ واپس چلے گئے۔

اب تک اسلام آباد بار ایسویسی ایشن کے وکلا فٹ بال گراؤنڈ کے نصف حصے پر اپنے چیمبرز تعمیر کر چکے ہیں۔ اسی دوران، بعض فورمز پر تعمیرات کے خلاف اجتجاج کی وجہ سے عارضی تعمیرات کا سلسلہ روک دیا گیا۔ تاہم، پھر گذشہ سال دسمبر میں ان چیمبرز کی تعمیرات کا کام دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔

گراؤنڈ پر کھیلنے کے لیے آنے والے بچوں اور کھلاڑیوں نے اس پر اجتجاج کیا۔ لیکن ان کے اجتجاج کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔

اسلام آباد کی ضلع کچہری میں وکلا نے پہلے ہی سی ڈی اے کے قواعد کے برعکس پوری مارکیٹ پر قبضہ کر رکھا ہے اور بعض پلازوں کے برآمدوں میں چیمبر تعمیر کر رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ مارکیٹوں کے باہر سڑکوں پر بھی چیمبر تعمیر کر دیے گئے ہیں۔ لیکن، وکلا کے خوف اور عدالتوں میں گھسیٹے جانے کے ڈر سے کوئی بھی ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتا۔

اسلام آباد ضلع کچہری میں دو سال قبل ہونے والی دہشت گردی کے بعد اب وکلا کو تجاوزات کی مزید آزادی ہوگئی ہے اور پوری کچہری کو چاروں اطراف سے جنگلا لگا کر بند کردیا گیا ہے اور اب وکلا اس کچہری میں جہاں بھی چاہیں وہاں چیمبر تعمیر کر رہے ہیں۔

بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد کا کہنا ہے کہ چیمبرز کی تعمیرات کا آغاز گزشتہ بار کابینہ نے شروع کروایا۔ تاہم، وہ اس فیصلے کو واپس نہیں لے سکتے۔

تجاوزات کو کنٹرول کرنے کے ادارے، سی ڈی اے نے بھی ایک دو بار کوشش کرنے کے بعد اس معاملے سے ہاتھ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے اس حوالے سے ازخود نوٹس لیے جانے کے بعد امکان ہے کہ اس علاقہ کے بچوں کو شاید ان کا فٹبال گراؤنڈ واپس مل جائے۔

XS
SM
MD
LG