رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا: جنسی ہراسانی کے الزامات پر سول کے میئر کی مبینہ خود کشی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی کوریا کے دار الحکومت سول کے میئر نے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد مبینہ طور پر خود کشی کر لی ہے۔

خبر رساں ادارے 'فرانس 24' کے مطابق سول کے میئر پارک وون سون جمعرات سے لاپتا تھے۔ پولیس کو اُن کی لاش جمعے کی صبح سول کے شمال میں ایک پہاڑی کے قریب سے ملی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پارک وون کی لاش کے قریب سے ایک نوٹ بھی برآمد ہوا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ "میں آپ سب سے معافی چاہتا ہوں، اُن سب کا شکریہ جو میرے ساتھ رہے۔"

پارک وون سون کی ہلاکت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک روز قبل اُن کی سابق سیکریٹری نے 'می ٹو' مہم کے تحت اُن کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کے تحت پولیس کو شکایت درج کرائی تھی۔

پارک وون سون کی سیکریٹری رہنے والی خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ میئر نے دفتری اوقات کے دوران اُنہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

پارک وون سون کی گمشدگی کی اطلاع اُن کی صاحبزادی نے پولیس کو دی تھی۔ اُنہوں نے پولیس کو رپورٹ کیا تھا کہ اُن کا اپنے والد سے رابطہ نہیں ہو رہا۔

پارک وون سون جنوبی کوریا میں معاشی عدم مساوات کے خاتمے کے علم بردار کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل اور تین مرتبہ سول شہر کے میئر رہ چکے تھے۔

پارک وون سون 2022 کے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر مون جے اِن کا مقابلہ کرنے کا بھی عندیہ دے چکے تھے۔

جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پارک کی موت بظاہر خود کشی کا شاخسانہ لگتی ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG