رسائی کے لنکس

اٹلانٹس شٹل کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اتارنے کی تیاری


اٹلانٹس کے آخری مشن پر جانے والے خلاباز
اٹلانٹس کے آخری مشن پر جانے والے خلاباز

اپنے آخری خلائی سفر پر جانے والی امریکی خلائی شٹل اٹلانٹس کے خلابازوں نے زمین کے مدار میں اپنا پہلا پورا دن شٹل کے معائنے میں گذارا کہ کہیں جمعے کے روز فلوریڈا کے زمینی خلائی مرکز سے روانگی کےبعد خلائی جہاز کو حرارت سے بچانے والی حفاظتی ڈھال کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچا۔

امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ خلاباز ہفتے کا دن خلائی جہاز کی جانچ پڑتال میں گذاریں گے جوبین الاقومی خلائی اسٹیشن کے ساتھ اٹلانٹس کے جڑنے کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ اٹلانٹس اتوار کے روز خلائی اسٹیشن سے جڑ جائے گا۔

ناسا کا کہناہےکہ خلائی شٹل کے معائنے کے لیے خلاباز روبوٹ کی مدد سے کام کرنے والے ایک لمبے بازو کے ذریعے، جس کے سرے پر کیمرے نصب ہیں ، شٹل کے مختلف حصوں کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔

جب کہ ناسا کے زمینی مرکز میں موجود مظاہرین بھی الیکٹرانک آلات کی مدد سے حاصل کردہ معلومات کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ خلائی جہاز کو حرارت سے بچانے والی حفاظتی ڈھال محفوظ اور بہتر حالت میں ہے۔

مذکورہ معائنہ ضابطے کی کارروائی ہے کیونکہ 2003ء میں خلائی جہاز کولمبیا خلاء سے واپسی کے سفر میں زمین کے کرہ ہوائی میں داخل ہوتے وقت ، ہوا کی رگڑ سے درجہ حرارت میں شدید اضافے کے نتیجے میں تباہ ہوگئی تھی، کیونکہ زمین سے روانگی کے وقت خلائی جہاز کو حرارت سے محفوظ رکھنے والی ڈھال کو پہنچنے والے نقصان پر دھیان نہیں دیا گیاتھا۔

اٹلانٹس کے ذریعے انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن پراتنی مقدار میں ضروری سامان پہنچایاجارہاہے جو تجارتی بنیادوں پر خلائی پروازیں شروع ہونے تک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہوگا۔ ماہرین اس سال کے آخر تک کمرشل پروازوں کے آغاز کی توقع کررہے ہیں۔

ناسا اپنی خلائی پروازیں ختم کرکے اس سے بچائی جانے والی رقوم کائنات کے گہرے مشاہدے اورتحقیق پر صرف کرنا چاہتاہے۔ خلائی پروازوں کے لیے ناسا کئی امریکی تجارتی فضائی کمپنیوں کے ساتھ ایسے خلائی جہازوں کی تیاری پر کام کررہاہے جو خلائی شٹل کی جگہ لے سکیں۔ کمرشل خلائی پروازیں شروع ہونے تک امریکہ اپنے خلاباز بھیجنے کے لیے روس کے خلائی جہازوں کی مدد حاصل کرے گا۔

XS
SM
MD
LG