رسائی کے لنکس

خلائی شٹل اینڈیوور 16 روزہ مشن پر خلا کے لئے روانہ


خلائی شٹل اینڈیوور 16 روزہ مشن پر خلا کے لئے روانہ
خلائی شٹل اینڈیوور 16 روزہ مشن پر خلا کے لئے روانہ

خلائی شٹل اینڈیوور16 روزہ مشن پر پیر کی صبح خلا ئی سفر پر کامیابی کے ساتھ روانہ ہوگئی۔شٹل پرپانچ امریکی اور ایک اطالوی خلا نورد سوار ہیں ۔ اس سفر میں وہ خلائی اسٹیشن کے کچھ پرزوں اورآلات کی مرمت کے ساتھ ساتھ خلا میں چہل قدمی بھی کریں گے۔

اینڈیوور ریاست فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوئی۔یہ شٹل کا قریب قریب آخری سفر ہے ۔ رواں سال کے اختتام کے ساتھ ہی امریکی خلائی شٹل پروگرام اپنے اختتام کو پہنچے گا جس کے ساتھ ہی اینڈیوور کو ریٹائرڈ کردیا جائے گا۔

اس مشن کے سربراہ امریکی خلا نورد مارک کیلی ہیں جن کی اہلیہ گیبریل جیورڈ جنوری میں ریاست ایری زونا میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

متعلقہ اداروں نے خیال ظاہر کیا تھا کہ خلائی سفر پر روانگی کے منظر کواسپیس اسٹیشن کے گرد نواح میں رہنے والے تقریباًپانچ لاکھ افراد دیکھ سکیں گے ۔

مشن اینڈیوورکو اپریل کے آخر میں روانہ ہونا تھا تاہم کچھ تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے شٹل کی روانگی کوکئی مرتبہ معطل کرنا پڑا تھا۔ شٹل کا عملہ پچھلے دو ہفتوں سے تکنیکی خرابی پر قابو پانے کے لئے دن رات کوشاں تھا۔

اینڈیوورکو ریٹائرڈ کرکے عام لوگوں کی دلچسپی کی غرض سے لاس اینجلس میں نمائش کے لئے رکھا جائے گا۔ خلائی ادارے ناسا نے جولائی میں اٹلانٹس کی واپسی کے ساتھ ہی اپنا شٹل پروگرام ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ناسا کی دو دیگر شٹلز ڈسکوری اور اٹلانٹس نے گزشتہ سال جولائی اور مارچ میں آخری خلائی سفر طے کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG