ترک حکومت نے کہاہے کہ اس نے صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو میں اس ہفتے مہلک خودکش حملے میں شدید زخمی ہونے والے 36 افراد کو علاج معالجے کے لیے ترکی پہنچا دیا ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو جمعرات کے روز بتایا کہ انقرہ صومالیہ سے ہر ممکنہ حدتک زخمیوں کو اپنے ملک کے اسپتالوں میں منتقل کرنے کے اقدامات کررہا ہے۔
عسکریت پسند تنظیم الشباب نے منگل کے روز وزارت تعلیم کی وزارت پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس میں کم ازکم 72 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر طالب علم تھے جو وہاں یہ جاننے کے لیے جمع تھے کہ آیا ان کا نام اس فہرست میں شامل ہے جنہوں نے ترکی سے وظائف حاصل کرنے کا امتحان پاس کر لیا ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے ترجمان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا اس طرح کی کارروائیاں ان کے ملک کو صومالیہ کی مدد سے باز نہیں رکھ سکتیں۔
اگست میں قحط زدہ ملک صومالیہ کے دورے کے موقع پر ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان نے وعدہ کیاتھا کہ ان کا ملک انسانی بھلائی کی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسپتال، اسکول اور بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے میں مدد دے گا۔