رسائی کے لنکس

برفانی طوفان: 2900 فلائٹس معطل، امریکی ائیرلائن ساؤتھ ویسٹ تنقید کی زد میں


برفانی طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں معطل ہونے سے مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔
برفانی طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں معطل ہونے سے مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقامی ایئرلائن ساؤتھ ویسٹ کی جانب سے بڑی تعداد میں فلائیٹس معطل کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کو غور سے دیکھ رہا ہے۔

امریکہ میں آنے والے ’’بم سائیکلون‘‘ کی وجہ سے پیر کے روز 4 ہزار کے قریب فلائٹس معطل کی گئیں۔ ان میں سے 29 سو کے قریب صرف ساؤتھ ویسٹ ایئر لانز کی فلائٹس تھیں۔ ان فلائٹس کے معطل ہونے کی وجہ سے ملک میں ہزاروں افراد ایئرپورٹس میں پھنس کر رہ گئے۔

ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کے ساتھ مسائل منگل کے روز بھی جاری رہے۔ ایئرلائن کے حکام کا کہنا ہے کہ آج بھی ان کی فلائٹس محدود ہوں گی۔

ملک کی دیگر مقامی ایئرلائنز نے بھی خراب موسم کی وجہ سے پیر کے روز اپنی فلائٹس معطل کیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امیریکن، یونائیٹڈ، ڈیلٹا اور جیٹ بلیو ایئرلائیز کی جانب سے معطل کی جانے والی فلائٹس کی اوسط قریب 2 فیصد رہی۔ جب کہ ساؤتھ ویسٹ کی جانب سے معطل کی جانے والی فلائٹس کی اوسط 62 فیصد تک تھی۔

ساؤتھ ویسٹ کے ترجمان جے میک ووے نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ جیسے جیسے ملک میں طوفان پھیلتا گیا، فلائٹس کو معطل کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ فلائٹس کو معمول پر لایا جا سکے۔

منگل کے روز بھی امریکہ میں 28 سو سے زائد فلائٹس کو معطل کیا جاچکا ہے۔ اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بدھ کے روز بھی ایئرلائنز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس دوران مسافر طویل قطاروں میں کھڑے ہو کر نئی فلائٹس بک کرانے کا انتظار کرتے رہے۔

امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن کے محکمے نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ محکمے کو ساؤتھ ویسٹ کی جانب سے ناقابل قبول تعداد میں فلائٹس کے معطل یا تاخیر کرنے اور کسٹمر سروس کی فراہمی میں کوتاہی پر تشویش ہے۔

اس ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تحقیق کرے گا کہ کیا ساؤتھ ویسٹ ان حالات میں کوئی اور اقدام کر سکتا تھا۔ مزید یہ کہ کیا ائیرلائنز ملک کے کسٹمر سروس کے قوانین کی پابندی کر رہی ہے۔

کمپنی کے سی ای او باب جارڈن نے اخبار وال سٹریٹ جرنل کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایئرلائن اپنے شیڈول کے ایک تہائی پر کام کر رہی ہے تاکہ عملہ حالات کو معمول پر واپس لا سکے۔

اس خبر کے لیے مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG