انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے دائیں ہاتھ سے سپن گیند کرانے والے گیند باز محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن کلئیر قرار دے دیا۔
’آئی سی سی‘ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آف اسپنر محمد حفیظ کی کرائی گئی تمام گیندوں کے دوران بازو کا خم پندرہ ڈگری سےکم رہا اور ایکشن کلیئر ہونے کے بعد محمد حفیظ اب انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کر سکتے ہیں۔
’آئی سی سی‘ کے اعلامیے کے مطابق، میچ ریفریز کو اب بھی اختیار حاصل ہے کہ اگر انہیں مستقبل میں شک گزرے کہ حفیظ کا بولنگ ایکشن مشکوک ہے تو پھر وہ انہیں دوبارہ سے جائزے کا کہہ سکتے ہیں؛ اور میچ آفیشلز سے تعاون کے لیے آف اسپنر کے تبدیل شدہ ایکشن کی تصاویر اور ویڈیوز انہیں فراہم کی جائیں گی۔
اپنا باولنگ ٹیسٹ کلئیر ہونے پر محمد حفیظ نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کلئیر ہونے پر وہ بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
محمد حفیظ گیند بازی کا ٹیسٹ کلئیر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے اسٹاف کی مدد کا بھی شکریہ ادا کیا۔
بقول اُن کے، “سلیکٹرز نے موقع دیا تو بہترین کارکردگی دکھاؤنگا۔ باؤلنگ پر پابندی سے تھوڑی سی مایوسی ہوئی تھی۔ لیکن امید تھی کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آ جاؤنگا”۔
پاکستانی آف سپنر محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ گزشتہ ماہ اٹھارہ اپریل سنہ دو ہزار اٹھارہ کو لندن کی لوفبورنگ یونیورسٹی میں لیا گیا تھا۔
حفیظ کا پہلی مرتبہ بولنگ ایکشن نومبر سنہ دو ہزار چودہ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران مشکوک قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد محمد حفیظ کی جانب سے بولنگ ایکشن میں بہتری اور ٹیسٹ کے بعد انہیں اپریل سنہ دو ہزار پندرہ میں بولنگ کی اجازت دے دی گئی۔ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن چوبیس ماہ کے دوران دوسری مرتبہ رپورٹ ہونے کے بعد ان پر جولائی دو ہزار پندرہ میں بارہ ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی اور پھر ایکشن میں دوبارہ سے بہتری کے بعد انہیں نومبر سنہ دو ہزار سولہ میں بولنگ کرانے کی اجازت دے دی گئی۔
آف سپنر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن تیسری مرتبہ اکتوبر سنہ دو ہزار سترہ میں سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی میں ہونے والی ایک روزہ سیریز میں رپورٹ ہوا، جس کے باعث نومبر سنہ دو ہزار سترہ میں ایک بار پھر ان کے بولنگ کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔