رسائی کے لنکس

بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا شروع


بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا
بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا

بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا چار روزہ دورہ سری لنکا آج سے شروع ہوگیا ہے۔ ان کے اس دورے کا مقصد سفارتی تعلقات میں اضافے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری ہے ۔

وزیرخارجہ کرشنا نے آج سری لنکا کے دوشہروں ہمبن توتا اور جافنا میں بھارتی قونصل خانوں کا افتتاح بھی کیا۔ ایک عشرے تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے سبب دونوں شہروں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی تاہم اب ان شہروں کی تعمیر نو کا کام جاری ہے۔بھارت تعمیر نو کے لئے سری لنکا کی مدد کررہا ہے۔

کرشنا سری لنکا میں قیام کے دوران خانہ جنگی میں بے گھر ہوجانے والے تامل افراد کے لئے رہائشی منصوبے اور ریلوے لنک کا بھی افتتاح کریں گے۔ بھارت نے سری لنکا کو پچاس ہزار نئے گھروں کی تعمیر، ائیرپورٹ کی تعمیر نو اور ریلوے لائنوں کی بحالی میں ہر ممکن مدد فرام کرنے کا وعدہ کیاہے۔ طویل خانہ جنگی کے باعث سری لنکا کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا جس کی بحالی کا کام ابھی جاری ہے۔

امید کی جارہی ہے کہ کرشنا اپنے قیام کے دوران سری لنکا کے حکام سے ملاقات کریں گے اور تامل اقلیت کے ساتھ سیاسی سمجھوتے پر بھی زور دیں گے۔

بھارت کی خارجہ پالیسی کے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ دونو ں ممالک کے درمیان اگلے سال ہونے والے دفاعی مذاکرات کے امکانات پربھی اس دورے میں غور کیاجاسکتا ہے۔

بھارت میں تاملوں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت نے سری لنکا کو تامل باغیوں کے ساتھ طویل عرصے تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے دوران کبھی بھی ہتھیار فراہم نہیں کئے۔

ادھر سابق بھارتی سیکریٹری خارجہ للت مان سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت کو سری لنکا میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش ہے ۔ چین جو دراصل بھارت کا اسٹرٹیجک مخالف ہے سری لنکا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہا ہے جس پر بھارت کو سخت تشویش لاحق ہے۔

XS
SM
MD
LG