رسائی کے لنکس

امریکہ کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر تشویش، شرمن امریکی سفیر کی عمران سے ملاقات کے لیے پر امید


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • ایمبیسیڈر بلوم کو چاہیے کہ عمران خان سے ملاقات کریں: بریڈ شرمن
  • یہ اس کا اظہار ہو گا کہ امریکہ ایسے فرد کے لیے بھی قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتا ہے جو امریکہ کا حامی نہیں ہے۔ بریڈ شرمن
  • پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر تشویش ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ
  • "کسی ترجمان کی گرفتاری دیکھ کر میں ذاتی طور پر پریشان رہتا ہوں۔"میتھیو ملر.
  • محکمہ خارجہ کی بریفنگ میں یہ سوال پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کی گرفتاری کے حوالے سے پوچھا گیا تھا۔
  • اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپے کے دوران سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کیا تھا۔

ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سینئر رکن بریڈ شرمن نےامید کا اظہار کیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے۔ منگل کو ہی امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رکن کانگرس بریڈ شرمن نے وائس آف امریکہ کی صبا شاہ خان سے انٹرویو میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ایمبیسیڈرڈونلڈ بلوم تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے یہ اس بات کا اظہار ہو گا کہ امریکہ ایسے فرد کے لیے بھی قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتا ہے جو امریکہ کا حامی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا "یہ اس بات کا اظہار ہو گا کہ امریکہ قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتا ہے اور یہ کہ جیل میں کسی کا ماورائے عدالت قتل پاکستان کی جمہوریت پر ایک حقیقی داغ ہو گا۔"

کانگریس-مین-بریڈ-شرمین
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:18 0:00

بقول انکے اس سے دنیا کو یہ پیغام بھی جائے گا کہ ہم ایک ایسے ملک میں بھی جمہوریت چاہتے ہیں جس کے ساتھ بعض اوقات معاملات کرنا مشکل ہوتا ہے۔

کانگریس مین شرمین نے پاکستان میں انسانی حقوق اور رول آف لا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا "جب آپ پاکستان میں ہندووں اور کرسچئن لڑکیوں کے ساتھ سلوک کو دیکھیں بالخصوص سندھ کے اندر ۔۔۔ یا آپ پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ لوگوں کی گرفتاریوں کو دیکھیں، یا آپ یہ دیکھیں کہ پی ٹی آئی نے بغیر انتخابی نشان کے الیکشن میں حصہ لیا، ہم وہاں شفافیت دیکھنا چاہیں گے۔"

ان کا کہنا تھا اس کے ساتھ ہی ہم یہ بھی دیکھنا چاہیں گے کہ پاکستانی اس پارٹی کو ووٹ دیں جو امریکہ کے ساتھ زیادہ تعاون چاہتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر تشویش

رؤف حسن۔ فوٹو اے پی
رؤف حسن۔ فوٹو اے پی

محکمہ خارجہ میں معمول کی کی بریفنگ میں ترجمان میتھیو ملر سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ ہم نے پاکستان میں اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاریاں دیکھی ہیں۔ حال ہی میں پولیس نے پی ٹی آئی کے ترجمان کو گرفتار کر لیا۔ آپ کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟

ترجمان میھتیو ملر نے کہا،’’ہمیں اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاریوں پر ہمیشہ تشویش ہوتی ہے۔ ہم نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کی رپورٹس دیکھی ہیں۔ کسی ترجمان کی گرفتاری دیکھ کر میں ذاتی طور پر پریشان رہتا ہوں۔ “

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا،’’ہم آئینی اور جمہوری اصولوں کی پرامن پاسداری کی حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان اصولوں کا احترام پاکستان کے آئین اور قوانین کے مطابق کیا جائے۔

رؤف حسن کی گرفتاری

ایک روز قبل اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپے کے دوران سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ دفتر سے کمپیوٹرز سمیت دیگر ریکارڈ بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔

ایس ایس پی حسن جہانگیر وٹو کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر اس کی عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔

چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ خواتین پولیس اہل کار بھی تھیں جنہوں نے پی ٹی آئی خواتین کارکنان اور سیکرٹریٹ عملے کو بھی حراست میں لیا۔

پاکستان کے لیے امداد کی تجویز

امریکہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمارے سامنے کئی چیلنجز اور مواقع ہیں۔ صدر جو بائیڈن نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے بجٹ کی تجویز دی ہے۔ یہ رقم پاکستان میں جمہوریت اور سول سوسائٹی کی مضبوطی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑائی میں استعممال ہوگی۔


ان کے بقول اس رقم کو ایسے معاشی اصلاحات اور قرضوں کی مینجمنٹ کے لیے استعمال کیا جائے گا جن سے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے اور چین پر اس کا حد سے زیادہ انحصار روکنے میں مدد ملے۔

فورم

XS
SM
MD
LG