رسائی کے لنکس

اسٹیون اسمتھ پی ایس ایل کا حصہ بننے کو تیار؛ وارنر کی معذرت


اسٹیون اسمتھ کے علاوہ اے بی ڈی ولیئرز بھی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں اور ان کی شمولیت پی ایس ایل سیزن فور کے لیے اہم تصور کی جارہی ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرکٹر اسٹیون اسمتھ 14 فروری سے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ’پاکستان سپر لیگ‘ کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔

اُنہیں پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں شریک 500 کھلاڑیوں میں سے سب سے زیادہ معاوضے والی ’پلاٹینم‘ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

اسٹیو اسمتھ کا شمار آسٹریلیا کے قابلِ اعتماد بلے بازوں میں کیا جاتا ہے۔ وہ 108 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 41 اعشاریہ 84 کی اوسط سے 3431 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 8 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ٹی20 کرکٹ میں اسمتھ نے اب تک 30 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں اُن کے رنز بنانے کی اوسط 21 اعشاریہ 55 ہے اور مجموعی رنز 431 ہیں۔

اے بی ڈی ولیئرز
اسٹیون اسمتھ کے علاوہ اے بی ڈی ولیئرز بھی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں اور ان کی شمولیت پی ایس ایل سیزن فور کے لیے اہم تصور کی جارہی ہے۔

ڈی ولیئرز مئی میں ہر قسم کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرہوگئے تھےتاہم انہوں نے ستمبر میں ایک ٹوئٹ کے ذریعے پی ایس ایل میں شرکت کی تصدیق کردی تھی۔

ڈیوڈ وارنر کی معذرت
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر سے بھی لیگ میں شرکت کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے معذرت کرلی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ان کا نام سامنے کی وجہ سے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر 12 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

افغان اسپنر ’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز‘ کے روسٹر پر
افغانستان کے اسپن بالر راشد خان کو بھی پلاٹینم کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے روسٹر پر رکھا گیا ہے۔ وہ زمبابوے میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کے باعث پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں شرکت نہیں کرسکے تھے جب کہ آئندہ سال بھی اُن کی شرکت افغان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے مشروط ہے۔

لیوک رونکی، برینڈن میک کولم، مچل میک کلیگن
لیوک رونکی، کیوی کپتان برینڈن میک کولم اور ہم وطن مچل میک کلیگن بھی چوتھے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین لیوک رونکی کو اس مرتبہ ڈائمنڈ سے پلاٹینیم گیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

براوو، کیرون پولارڈ اور سنیل نارائن
ویسٹ انڈیز کے براوو، کیرون پولارڈ اور سنیل نارائن بھی پلاٹینم کیٹگری کا حصہ ہیں۔ براوو کو پشاور زلمی نے ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن وہ انجری کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت نہیں کرپائے تھے۔

کولن منرو،عمران طاہر، کولن انگرام اور تھسارا پریرا
پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ کے لیے پلاٹینم کیٹیگری میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں کیوی بیٹسمین کولن منرو، جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر عمران طاہر، جنوبی افریقی بیٹسمین کولن انگرام اور سری لنکن آل راؤنڈر تھسارا پریرا شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں چھ فرنچائز لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز مدِ مقابل ہوں گی۔

ایونٹ کے آخری آٹھ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ تیسرے ایڈیشن کی طرح اس بار بھی فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

اب تک کھیلے گئے تین ایڈیشنز میں دو مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایک مرتبہ پشاور زلمی فاتح رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG