رسائی کے لنکس

گلی میں کھیلنے والے بچوں کی قسمت فلک پر


برازیل کے ریو ڈی جنیرو میں اتوار کو ہونےوالے امریکہ اور پاکستان کے درمیان فٹ بال میچ میں پاکستان نے امریکی ٹیم کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے

کہتے ہیں کہ انسان اگر کچھ کرنے کی ٹھان لے تو وہ دنیا فتح کرسکتا ہے۔ ایسا ہی کچھ کر دکھایا ہے پاکستان اسٹریٹ چلڈرن فٹ بل ٹیم نے۔

برازیل کے ریو ڈی جنیرو میں اتوار کو ہونےوالے امریکہ اور پاکستان کے درمیان فٹ بال میچ میں پاکستان نے امریکی ٹیم کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کی ٹیم میں شامل اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کے ننھے کھلاڑیوں نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے برازیل کے فٹبال اسٹیڈیم میں پاکستان کا سبز ہلالی ہرچم بلند کردیا ہے۔

پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم میں بہترین کاکردگی دکھانےوالے کراچی سے تعلق رکھنےوالے ایک کھلاڑی اورنگزیب کی والدہ نے بیٹے کی کامیابی پر، وی او اے سے گفتگو میں بتایا کہ، ’میرے بیٹے نے ملک کا نام دنیا میں روشن کیا ہے، اس پر بہت خوشی ہے۔ میں سوتے جاگتے بس کامیابی کیلئے دعائیں کرتی تھی۔‘

وہ بتاتی ہیں کہ جب اورنگزیب چھوٹا تھا اسے فٹبال کھیلنے کا بہت شوق تھا۔ کبھی اس کے ہاتھ میں کبھی پاوٴں میں چوٹ لگ جاتی تھی۔ مگر اس نے کھیلنا نہیں چھوڑا۔ اسی کھیل کھیل میں وہ گھر سے باہر نکل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس کھیل کی وجہ سے گھر والوں نے اُسے مارا پیٹا تھا کہ اتنا نہ کھیلو۔ مگر اسی وجہ سے وہ گھر سے بھاگ گیا، اور گلیوں اور سڑکوں پر رہنے لگا‘۔

’کئی برس باہر رہا۔ پھر گھر واپس آگیا۔ مگر، اس عرصے میں ایک اچھا کھلاڑی بن چکا تھا، جسکی وجہ سے آج پاکستان کا نام روشن کرسکا ہے‘۔

ورلڈ کپ میچ میں کھیلےجانےوالی ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے کراچی سے برازیل روانگی سے قبل اس نمائندہ سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ میچ کھیل کر دنیا کو بتادیں گے کہ پاکستانیوں میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ وہ دنیا کا سامنا کرسکیں۔

اُن کھلاڑیوں کا مزید کہنا تھا کہ
'ہم اس کھیل سے پاکستان کا مثبت روپ دنیا کو دکھائیں گے۔ دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان دہشتگرد ملک نہیں، بلکہ دوستی کرنے والا ملک ہے'۔

اپنی زندگی کے کئی برس سڑکوں پر گزارنے والے یہ بچے اس عالمی سطح کے کھیل سے ایک مثبت پیغام لے کر لوٹیں گے۔ انھوں نے ثابت کردیا ہے کہ گلیوں کوچوں میں رہنےوالے بچے بھی دنیا میں نام پیدا کر سکتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG