رسائی کے لنکس

ایمی ایوارڈز 2022: 'سکسیشن' کی سب سے زیادہ نامزدگیاں، 'اسکوئڈ گیم' نے تاریخ رقم کر دی


امریکہ میں ٹیلی وژن کی دنیا کے سب سے معتبرسمجھے جانے والے 'ایمی ایوارڈز' کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں 'ایچ بی او' کی سیریز 'سکسیشن' سب سے زیادہ نامزدگیوں کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔

منگل کو 'ایمی ایوارڈز 2022' کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا جب کہ فاتحین کا اعلان 12 ستمبر کو ہونے والی تقریب میں کیا جائے گاجس کے میزبان کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس کرونا وائرس کے باعث ایمی ایوارڈز کی تقریب محدود پیمانے پر منعقد کی گئی تھی جس میں لگ بھگ 500 افراد شریک ہوئے تھے۔

چوہترویں ایمی ایوارڈز کے لیے مختلف کیٹیگریز کے لیے سب سے زیادہ نامزدگیاں 'سکسیشن' نے حاصل کی ہیں۔ 'ایچ بی او' کی اس سیریز کو بہترین ڈرامے کی کیٹیگری سمیت 25 نامزدگیاں ملی ہیں۔

'سکسیشن' کی کہانی ایک طاقت ور اور امیر ترین میڈیا کمپنی کے مالک خاندان کے گرد گھومتی ہے۔ 'سکسیشن ' 2020 میں بھی بہترین ڈرامے کا ایمی جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

بہترین ڈرامہ کی کیٹیگری میں'سکسیشن کا مقابلہ نیٹ فلکس کی مشہورِ زمانہ ویب سیریز 'اسٹرینجر تھنگز'، 'یوفوریا'، 'یلو جیکٹس'، 'بیٹر کال سول'، 'اوزارک' اور 'سیورنس' کے علاوہ 'اسکوئڈ گیم' سے ہوگا۔

رواں برس جنوبی کورین سیریز 'اسکوئڈ گیم' نے بہترین ڈرامے کے ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہو کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی غیر انگلش سیریز کو بہترین ڈرامے کے ایمی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ایکشن اور تھرل سے بھرپور سیریز 'اسکوئڈ گیم' کو بہترین ڈرامہ سمیت 14 کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ایمی ایوارڈز 2022 کے لیے سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی سیریز میں دوسرے نمبر پر 'ٹیڈ لاسو' ہے جسے 20 کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

'ٹیڈ لاسو' کو گزشتہ برس ایمی ایوارڈز میں بہترین کامیڈی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ رواں برس اس کا مقابلہ 'ہیکس'، 'اونلی مرڈرز ان دی بلڈنگ' اور 'دی مارولس مسز میزل' سمیت دیگر سیریز سے ہے۔

'ایچ بی او' کی سیریز دی وائٹ لوٹس' کو بھی 20 نامزدگیاں ملی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایمی ایوارڈز کے لیے آن لائن اسٹریمنگ سروس ایچ بی او اور ایچ بی او میکس کو کل 140 نامزدگیاں ملی ہیں جب کہ نیٹ فلکس کی سیریز 105 نامزدگیاں حاصل کر سکی ہیں۔

ایمی ایوارڈز ہر سال امریکہ میں ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے نمایاں پروگرامز کو دیے جاتے ہیں۔ یہ ایوارڈز امریکہ کی اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے دیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز کا آغاز 25 جنوری 1949 کو ہوا تھا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG