رسائی کے لنکس

جعلی آئی پی ایل میچز پر جوا لگانے والے روسی شہری لٹ گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں ایک گینگ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز کا ڈرامہ رچا کر روسی جواریوں سے لاکھوں اینٹھ لیے۔

پولیس کے مطابق جعلی آئی پی ایل کوارٹر فائنل تک پہنچ چکا تھا جب پولیس نے ریاست گجرات میں جعلی ایونٹ کا انعقاد کرنے والے نیٹ ورک کو پکڑا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق فراڈیے گینگ کی جانب سے شروع کیا جانے والا ٹورنامنٹ اصل آئی پی ایل کے تین ہفتے بعد شروع ہوا۔ اس گینگ نے ریاست گجرات میں ایک دور دراز کھیتوں پر یہ ٹورنامنٹ کروانا شروع کیا۔

پولیس اہلکار بھویش راٹھور نے رپورٹرز کو بتایا کہ اس گینگ نے اس میدان میں ایک کرکٹ پچ بچھائی، ارد گرد باؤنڈری اور لیمپ لگائے۔ اس کے علاوہ ملزمان نے ہائی ریزولوشن کیمرے اور لائیو اسٹریمنگ اسکرین پر کمپیوٹر گرافکس کا بھی استعمال کیا۔

پولیس کے مطابق جواریوں کو میچ ہوتا دکھانے کے لیے مقامی مزدوروں اور بے روزگار افراد کو چار سو روپے فی میچ ادا کیے گئے۔ یہ افراد کھیل کا ڈھونگ رچا کر کبھی ممبئی انڈینز تو کبھی گجرات ٹائٹنز کی وردی پہن لیتے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ سب روس میں بیٹھے ماسٹر مائنڈ کی ہدایات پر کیا جا رہا تھا۔

جعلی کھیل کے ڈھونگ کے علاوہ انٹرنیٹ سے اسٹیڈیم میں بیٹھے مجمع کی آواز بھی چلائی جاتی۔ اس کے علاوہ ایک کمنٹیٹر کی بھی خدمات لی گئیں جو آئی پی ایل کے کمنٹیٹرز کی طرح بول سکتا تھا۔ یہ سارے میچ یوٹیوب پر ایک آئی پی ایل نامی چینل پر براہِ راست نشر کیے جا رہے تھے۔

ان جعلی میچوں کے دوران کیمرہ مین پورا سٹیڈیم نہیں دکھاتا تھا بلکہ صرف کھلاڑیوں کے کلوز اپ ہی نشر کیے جاتے تھے۔

روسی جواریوں سے ٹیلی گرام ایپ میں بنائے گئے ایک چینل کے ذریعے ان میچوں پر شرطیں لگوائی جاتیں۔ گینگ کے ارکان والکی ٹالکی کے ذریعے جعلی امپائر کو ہدایات جاری کر دیتے جو پولیس اہلکار راٹھور کے مطابق میدان میں موجود کھلاڑیوں کو آگاہ کرتا کہ اگلی گیند میں چوکا، چھکا لگانا ہے یا آؤٹ ہونا ہے۔

راٹھور نے بتایا کہ فراڈیا گینگ اب تک روسی جواریوں سے تین لاکھ بھارتی روپے اینٹھ چکے تھے۔

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لیا گیاہے۔

XS
SM
MD
LG