رسائی کے لنکس

امریکہ: موبائل فون کمپنی 'ٹی موبائل' کے کروڑوں صارفین کے ڈیٹا تک غیرقانونی رسائی کا انکشاف


ٹی موبل کا لوگو (فو ٹو اے پی)
ٹی موبل کا لوگو (فو ٹو اے پی)

موبائل فونز کی جرمن کمپنی ٹی موبل کے امریکی دفتر نے بتایا ہےکہ کمپنی کی سروسز استعمال کرنے والے چار کروڑ صارفین کے ذاتی ڈیٹا تک بلا اجازت رسائی کی خلاف ورزی ہوئی ہے، جس میں نئے اور وہ صارفین بھی شامل ہیں جو ماضی میں یہ سروس استعمال کرتے رہے ہیں۔

ان صارفین میں 78 لاکھ وہ لوگ بھی شامل ہیں جو ماہانہ بل کی ادائگی کے پیکیج کے تحت مسلسل سروس استعمال کرتے ہیں۔

تاہم امریکہ میں ٹی موبل کے دفتر نے کہا کہ تقریباً پانچ کروڑ صارفین میں سے کسی کا بھی فون نمبر، اکاؤنٹ نمبر، ذاتی شناخت کا نمبر، پاس ورڈ یا مالی معلومات چوری نہیں ہوئیں۔

ایک بیان میں کمپنی نے کہا کہ اس کے ان 8 لاکھ اور 50 ہزار ایسے صارفین کا ڈیٹا غیر محفوظ ہو گیا جو پری پیڈ سروس استعمال کرتے ہیں۔ غیر محفوظ ہونے والے ڈیٹا میں ان صارفین کے نام، فون نمبر، اکاؤنٹ پنز شامل ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے غیر محفوظ ہونے والے تمام اکاؤنٹس کے لیے فوری طور پر نئے پن نمبرز بنا دیے۔

جن صارفین کے نام اور پن نمبرز تک غیر قانونی رسائی ہوئی وہ ٹی موبل، بوسٹ اور سپرنٹ کی سروسز استعمال کر رہے تھے۔

کمپنی نے پیر کو صارفین کے ڈیٹا کی اس بلا اجازت رسائی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے فوراً اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی چوٹی کے سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کر رہی ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس نے تیز رفتاری سے عمل کرتے ہوئے غیر قانونی رسائی کے پوائنٹ کی نشاندہی کی اور اس کا فوراً تدارک کر دیا۔

اس کے علاوہ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ صارفین کے غیر محفوظ ڈیٹا کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ایسے صارفین جنہیں سائبر حملوں سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، انہیں دو سال کی بلا قیمت ان کے شناخت کی حفاظت کی سروس فراہم کر رہی ہے۔

ماہانہ بل پر سروس لینے والے صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی اپنے پن نمبرز کو تبدیل کریں۔

ایک اور اقدام یہ ہو گا کہ کمپنی ایک ویب پیج بنائے گی جہاں صارفین کو ڈیٹا محفوظ رکھنے کے متعلق معلومات دستیا ب ہوں۔

(اس رپورٹ میں بعض معلومات خبر رساں اداروں اے پی اور رائٹرز سے شامل کی گئی ہیں)۔

XS
SM
MD
LG