رسائی کے لنکس

طالبان کا انتخابی عمل کو نشانہ بنانے کا اعلان


خط میں پاکستانی طالبان کے سربراہ نے انتخابی عمل کے دوران میں خود کش حملوں سمیت دیگر کاروائیوں کا منصوبہ بیان کیا ہے۔

پاکستانی طالبان نے ہفتے کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر خود کش حملوں سمیت دیگر کاروائیاں کرنے کی دھمکی دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق اسے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کے ایک خط کی نقل ملی ہے جو انہوں نے اپنی تنظیم کے ترجمان کو بھیجا تھا۔

'رائٹرز' کے مطابق خط میں پاکستانی طالبان کے سربراہ نے انتخابی عمل کے دوران میں پاکستان کے چاروں صوبوں میں خود کش حملوں سمیت دیگر کاروائیوں کا منصوبہ بیان کیا ہے۔

خط میں حکیم اللہ محسود کا کہنا ہے کہ وہ جمہوریت کو تسلیم نہیں کرتے جو ان کےبقول "کفار" کا نظام ہے۔

خط پر یکم مئی کی تاریخ درج ہے اور 'رائٹرز' کے مطابق اس کے منظرِ عام پر آنے کے بعد ووٹنگ کے عمل کے دوران میں دہشت گرد حملوں کے پہلے سے موجود خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی طالبان ملک میں جاری انتخابی سرگرمیوں کو پہلے سے نشانہ بنا رہے ہیں اور اپریل خے اواخر سے اب تک ملک کے مختلف علاقوں میں انتخابی امیدواروں اور جلسوں پر ان کے مبینہ حملوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

طالبان کے بیشتر حملوں کا نشانہ سابق حکمران اتحاد میں شامل لبرل خیالات کی حامل جماعتیں بنی ہیں لیکن حالیہ دنوں میں دائیں بازو کی کئی جماعتوں، بشمول جماعتِ اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی جلسوں پر بھی حملے ہوئے ہیں۔

عام انتخابات کے سلسلے میں ملک بھر 11 مئی کو پولنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوگا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

حکام نے پولنگ کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور نیم فوجی دستوں سمیت پاک فوج کے اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔
XS
SM
MD
LG