رسائی کے لنکس

امریکہ: طوفانی ہواؤں سے جنوبی علاقوں میں تباہی، کم از کم 7 افراد ہلاک


ریاست الاباما کے قصبے سلیما میں طوفانی جھکڑوں نے مکانوں کی چھتیں اڑا دیں، درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے۔ 40 ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ 13 جنوری 2023
ریاست الاباما کے قصبے سلیما میں طوفانی جھکڑوں نے مکانوں کی چھتیں اڑا دیں، درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے۔ 40 ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ 13 جنوری 2023

امریکہ کے جنوبی علاقوں میں آنے والے ایک بڑے طوفان کے نتیجے میْں وسطی ریاست الاباما میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے جہاں طوفان نے 18 ہزار آبادی کے ایک قصبے سیلما میں گھروں کی چھتیں اور درخت اکھاڑ دیے۔ جب کہ ریاست جارجیا میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا جہاں تیز ہواؤں کے جھکڑوں کے باعث ہزاروں افراد کے لیے بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ۔

کاؤنٹی کی یمر جینسی انتظامیہ کے ڈائریکٹر ایرنی باگیٹ نے بتائا کہ اوٹاگا کاؤنٹی الاباما میں کم از کم چھ ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی اور ایک اندازے کے مطابق40 مکانات طوفان سے تباہ ہو گئے ۔

باگیٹ نے ایسوسی ایٹ پریس کو بتایا کہ کئی موبائل ہومز ہوا میں اڑ گئے اور کم از کم 12 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ہنگامی خدمات پر مامور عملے نے اسپتال پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی توجہ جمعرات کی رات کو گرنے والے درختوں کو کاٹنے پر مرکوزہے تاکہ ان لوگوں تک پہنچا جا سکے جنہیں مدد کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

طوفانی جھکڑوں نے گاڑی الٹا دی ۔ 12 جنوری 2023
طوفانی جھکڑوں نے گاڑی الٹا دی ۔ 12 جنوری 2023

جارجیا میں ایک شخص اس وقت ہلاک ہوا جب اس کی گاڑی پر درخت گر گیا۔عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اٹلانٹا کے جنوب مشرق میں واقع بٹس کاؤنٹی میں طوفان کی شدت سے ایک مال بردار گاڑی پٹڑی سے اتر گئی۔

اٹلانٹا کے جنوب میں واقع قصبے گرفن میں حکام نے بتایا ہے کہ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس پر درخت گرنے سے متعدد افراد عمارت کے اندر پھنس گئے ۔ ایک اسکول کی عمارت بھی طوفان سے متاثر ہوئی اور درختوں کے گرنے سے آمد و رفت میں مسائل پیدا ہوئے۔ کسی ہنگامی صورت حال سے بچنے کے لیے انتظامیہ نے گرفن میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کا کرفیو نافذ کر دیا۔

اٹلانٹا کے جنوبی علاقے کی کم ازکم 6 کاونٹیز نے جمعے کے روز اسکول بند کر دیے۔ ان اسکولوں میں 90 ہزار سے زیادہ طالب علم پڑھتے ہیں۔

الاباما کے قصبے سلیما میں طوفانی جھکڑوں سے تباہی کا ایک اور منظر۔ 12 جنوری 2023
الاباما کے قصبے سلیما میں طوفانی جھکڑوں سے تباہی کا ایک اور منظر۔ 12 جنوری 2023

موسمیات کے قومی ادارے نے بتایا کہ جمعرات کی شام تک ملک بھر سے 33 الگ الگ طوفانوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ مزید کئی علاقوں میں طوفان آنے کے خدشات موجود ہیں۔

ناردرن الینوائے یونیورسٹی میں، طوفانوں کے شعبے سے متعلق موسمیات کے پروفیسر وکٹر گینسینی کا کہنا ہے کہ تین عوامل یعنی لانینا کے عمل کے باعث پیدا ہونے والا موسمی چکر، آب و ہوا کی تبدیلی کے نتیجے میں خلیج میکسیکو کے درجہ حرارت میں اضافہ اور بگولوں کی کئی دہائیوں سے جاری مغرب سے مشرق کی طرف منتقلی ہے –

گینسینی کا مزید کہنا تھا کہ لانینا کے نتیجے میں بحرالکاہل کے کچھ حصوں میں ٹھنڈک پیدا ہوتی ہے جو دنیا بھر کے موسم پر اثر انداز ہوتی ہے۔ لیکن طوفانوں کے پھیلاؤ میں نمی ایک اہم عنصر کے طور پر کام کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر سال کے اس حصے میں جنوب مشرق میں ہوا کافی خشک ہوتی ہے، لیکن ان دنوں ممکنہ طور پر خلیج میکسیکو کے غیر معمولی طور پر بلند درجہ حرارت کی وجہ شبنم گرنے کی معمول سے دوگنا زیادہ شرح ہے۔ہوا میں موجود اس نمی نے ممکنہ طور پر طوفان کا دائرہ بڑھانے میں کردار ادا کیا ہے۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)

XS
SM
MD
LG