رسائی کے لنکس

ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا سوشل نیٹ ورک 'ٹرتھ سوشل' لانچ کرنے کا اعلان


امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں لیکن صارف کی حیثیت سے نہیں بلکہ سوشل نیٹ ورک کے مالک کی حیثیت سے۔ ٹرمپ کی سوشل میڈیا ایپلی کیشن 'ٹرتھ سوشل' جلد لانچ کر دی جائے گی۔

ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'ٹرتھ سوشل' نامی ایپلی کیشن ان کی ملکیت ہو گی اور وہ اس کا 'بیٹا ورژن' ممکنہ طور پر آئندہ ماہ چنندہ صارفین کے لیے پیش کر دیں گے۔ یہ ایپلی کیشن پری آرڈر کے لیے ایپل کے ایپ اسٹور پر بھی موجود ہے۔

ٹی ایم ٹی جی ایک سبسکرپشن ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس بھی لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو 'امریکہ گوٹ ٹیلنٹ' اور 'ڈیل اور نو ڈیل' جیسے پروگراموں کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اسکاٹ سینٹ جان چلائیں گے۔

گروپ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں سابق صدر ٹرمپ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ "میں نے ٹرتھ سوشل اور ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے بنایا ہے۔ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں ٹوئٹر پر طالبان تو بڑی تعداد میں موجود ہیں مگر آپ کے پسندیدہ امریکی صدر کو خاموش رکھا گیا ہے۔ یہ ناقابلِ برداشت ہے۔"

واضح رہے کہ رواں سال چھ جنوری کو کیپٹل ہل کی عمارت پر مبینہ طور پر ٹرمپ کے حامیوں نے دھاوا بول دیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا کمپنیوں نے ان کے اکاؤنٹس اور پیجز بند کر دیے تھے۔ ٹوئٹر اور فیس بک نے ڈونلڈ ٹرمپ کے پلیٹ فارم استعمال کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔

فیس بک نے سات جنوری کو ٹرمپ پر غیر معینہ مدت تک کے لیے پابندی لگائی تھی لیکن بعد ازاں اس پابندی کو دو سال تک محدود کر دیا گیا تھا۔ ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بند کر دیا تھا جس پر آٹھ کروڑ 80 لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔

صدارت سے سبک دوشی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کچھ عرصے کے لیے منظر نامے سے غائب ہو گئے تھے مگر اب وہ بڑے عوامی اجتماعات میں شرکت کر رہے ہیں۔ امکان یہی ہے کہ وہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ امیدوار بننے کی کوشش کریں گے مگر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں کوئی واضح اعلان نہیں کیا ہے۔

(اس خبر میں شامل معلومات 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں)

XS
SM
MD
LG