امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ٹویٹس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر شدید تنقید کی زد میں آ چکے ہیں۔
کانگریس کی چار خواتین ارکان سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے ہونے والا تنازع ابھی ختم نہ ہوا تھا کہ انہوں نے افریقی نژاد امریکی ایوان نمائندگان کے رکن الیجا کمنگس کو مختلف ٹوئٹس کے ذریعے تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس کے بعد ان کے بیان کو 'نسل پرستانہ' قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں الیجا کمنگس کو 'ظالم بدمعاش' مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں میکسیکو سرحد پر فرائض انجام دینے والے امیگریشن افسران کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے چوہوں سے متاثرہ اپنے بالٹی مور ڈسٹرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ الیجا کمنگس کا ڈسٹرکٹ ابتر اور خطرناک ہے جسے امریکہ کا بدترین ڈسٹرکٹ تصور کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ افریقی نژاد الیجا کمنگس ایوان نمائندگان کی نگران کمیٹی کے ڈیموکریٹ چیئرمین ہیں اور انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیتے ہوئے اُن کی امیگریشن پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
جمعرات کو ایوان نمائندگان کی نگران کمیٹی نے حکومت کے ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی کی تحقیقات کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر سمیت وائٹ ہاؤس کے حکام کو ایک سمن جاری کیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو یکے بعد دیگرے کئی ٹوئٹس کیں اور ایوان نمائندگان کمیٹی کے چیئرمین الیجا کمنگس اور جس ڈسٹرکٹ کی وہ نمائندگی کرتے ہیں وہاں صفائی ستھرائی کی ابتر صورت حال پر شدید تنقید کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹ رکن اپنی نگرانی میں زیادہ تر وقت معصوم لوگوں کو ایذا پہنچانے میں صرف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میکسیکو کی سرحد صاف ستھری ہے جہاں اچھے طریقے سے انتظامی امور چلائے جارہے ہیں لیکن کمنگس کا ڈسٹرکٹ قابل نفرت اور چوہوں کے گند سے اٹا ہے، اگر وہ زیادہ وقت بالٹی مور میں گزاریں تو شاہد وہ خطرناک جگہ صاف ہوسکتی ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوال کیا کہ امریکہ کے کسی بھی ڈسٹرکٹ کے مقابلے میں بالٹی مور کو بدترین اور خطرناک تصور کیا جاتا ہے تو کمنگس کے ڈسٹرکٹ پر اتنا پیسہ کیوں خرچ کیا جارہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ بالٹی مور میں کوئی شخص رہنا پسند نہیں کرتا تو وہاں کی رقم کہاں جارہی ہے اور کتنی رقم چوری کی گئی ہے، اس کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹ ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے اپنی ایک ٹوئٹ میں الیجا کمنگس کو انسانی حقوق اور معاشی انصاف کا چیمپئن قرار دیا۔
نیسنی پلوسی نے کہا کہ ہم سب الیجا کمنگس پر ہونے والے 'نسل پرستانہ' حملوں کو مسترد اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔