|
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وال اسٹریٹ کے سرمایہ کار ہاورڈ لٹنک کو اپنی ایڈمنسٹریشن میں کامرس سیکریٹری نامزد کر دیا ہے۔
تریسٹھ سالہ ہاورڈ لٹنک ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کے شریک سربراہ ہیں۔
وہ 20 جنوری 2025 کو ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے سے قبل اعلیٰ سرکاری عہدوں کے لیے افراد کے چناؤ اور ان کی جانچ میں معاونت کر رہے ہیں۔
ہاورڈ لٹنک نے حالیہ مہینوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بھر پور حمایت کی ہے۔ ہاورڈ لٹنک عالمی مالیاتی ادارے ادارے ’کینٹر فٹزجرالڈ‘ کے سی ای او اور چیئرمین ہیں۔
قبل ازیں امریکی میڈیا میں یہ رپورٹس سامنے آ رہی تھیں کہ لٹنک کو امریکہ کا وزیرِ خزانہ مقرر کیا جا سکتا ہے۔ البتہ ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ اس عہدے پر ایک اور سرمایہ کار کا نام زیرِ غور ہے جس کے سبب وہ اس دوڑ سے باہر ہو گئے۔
ہاورڈ لٹنک کی امریکہ کی سینیٹ سے منظوری کے بعد وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی اور تجارتی پالیسیوں کے اطلاق میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ تجویز کر چکے ہیں کہ امریکہ میں درآمد کی جانے والی کئی اشیا پر ٹیکسوں میں اضافہ کیا جانا چاہیے تاکہ امریکہ میں پیداوار کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے۔
اس حوالے سے یہ خدشات ظاہر کیے جاتے رہے ہیں کہ اس اقدام سے امریکہ میں صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے جب کہ عالمی تجارت کے متاثر ہونے کے اندیشے بھی ظاہر کیے جاتے رہے ہیں۔
امریکہ کا محکمہ کامرس ملک کی مرکزی کاروباری پالیسیوں کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔ یہ محکمہ ایک جانب جہاں ملک میں کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے کوشش کرتا ہے وہیں سیمی کنڈکٹرز، سائبر سیکیورٹی اور پیٹنٹس سے متعلق قواعد و ضوابط پر عمل درآمد بھی اس کی ذمہ داری ہے۔
امریکہ کے نامزد سیکریٹری کامرس ماضی میں ملک کی دونوں بڑی جماعتوں ڈیموکریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی کو چندے دیتے رہے ہیں۔
ہاورڈ لٹنک کے ادارے ’کینٹر فٹز جیرالڈ‘ کے 2001 میں دفاتر نیو یارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں بھی تھے۔ 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر القاعدہ کے حملے میں جب دونوں ٹاور گرے تو سب سے زیادہ جانی نقصان ان کے دفاتر میں ہی ہوا تھا۔
ان کے 960 میں 658 ملازمین اس دن ہلاک ہوئے تھے جب کہ لگ بھگ 46 دیگر افراد اس دن ان کے دفاتر میں موجود تھے جن کی موت ہوئی تھی۔
ہاورڈ لٹنک کی کمپنی کے پاس ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 101 سے 105ویں منزل تک دفاتر تھے۔ 11 ستمبر کے حملوں میں ان کے بھائی گرے لٹنک بھی مارے گئے تھے۔ ہاورڈ لٹنک کو اس روز اپنے بیٹے کو پہلے دن کنڈرگارٹن اسکول سے لینے کے لیے جانا تھا اسی لیے وہ دفتر میں موجود نہیں تھے۔
وہ جب ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے قریبی علاقے میں پہنچے تو جہاز کے ٹکرانے سے جنوبی ٹاور منہدم ہو کر زمین بوس ہو رہا تھا۔ انہوں نے ایک گاڑی کے نیچے گھس کر اپنی جان بچائی تھی۔
بعد ازاں انہوں نے ایک ریلیف فنڈ بھی قائم کیا جس کا مقصد ان حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کی مدد کرنا تھا۔ اس فنڈ سے قدرتی آفات سے متاثر افراد کی مدد کی جاتی ہے۔
سیکریٹری ایجوکیشن کی نامزدگی
منگل کو ہی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لِنڈا میک ماہُن کو ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کا سیکریٹری نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لِنڈا میک ماہُن ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ دورِ صدارت میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ اسمال بزنسز ایڈمنسٹریشن کی سربراہ تھیں۔
وہ ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) میں اپنے رہنمائی کے کردار کے حوالے سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔
ان کی نامزدگی پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ لینڈا تعلیم اور کاروبار دونوں میں قیادت کا کئی دہائیوں کا تجربہ رکھتی ہیں وہ اپنے تجربے کو امریکہ کے طلبہ اور ورکرز کے لیے استعمال کریں گی اور امریکہ کو تعلیم کے معاملے میں دنیا بھر میں بہترین بنائیں گی۔