رسائی کے لنکس

جارجیا: صدارتی انتخاب کے نتائج الٹانے کی سازش کا مقدمہ، دو لاکھ ڈالر میں ٹرمپ کی ضمانت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جارجیا میں قائم مقدمے میں ان کی ضمانت کے لیے 2لاکھ ڈالر کی بانڈ مقرر کی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2020 کے الیکشن میں صدر بائیڈن سے شکست کے بعد الیکشن کے نتائج الٹانے کی سازش کی۔

ضمانت کی اس رقم کا معاہدہ ٹرمپ کے وکلاء دفاع اور فلٹن کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی فانی ولس کے درمیان طے پایا۔

اس کے تحت ٹرمپ کو مقدمے میں اپنے ساتھ نامزد دیگر ملزموں ،اپنے خلاف گواہوں اور متاثرین کو دھمکانے کی ممانعت ہو گی اور ایسا وہ سوشل میڈیا پر بھی نہیں کر سکیں گے۔

انہیں اس مقدمے سے متعلق حقائق دیگر نامزد افراد اور گواہان کے ساتھ براہِ راست یا بالواسطہ شئیر کرنے کی ممانعت ہو گی سوائے اس کے کہ ایسا وکلاء کے ذریعے کیا جائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف، یہ چوتھا فوجداری مقدمہ ہے جو 2024 کے صدارتی الیکشن میں امریکہ کی صدارت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں،

ٹرمپ جارجیا مقدمے کی کارروائی کے دوران فائل فوٹو
ٹرمپ جارجیا مقدمے کی کارروائی کے دوران فائل فوٹو

ولس نے ٹرمپ اور ان کے ساتھ نامزد دیگر 18 افراد (co-defendants) کے لیے جمعے کی دوپہر تک کی مدت مقرر کی تھی کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کردیں۔ تاکہ انہیں فلٹن کاؤنٹی جیل بھیجا جا سکے۔

پراسیکیوٹر نے تجویز دی تھی کہ نامزد افراد کے خلاف مقدمے کی کارروائی 5 ستمبر کے ہفتے کے دوران کی جائے۔

ٹرمپ کے ترجمان یا اٹارنی نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

ٹرمپ پر فردِ جرم گزشتہ ہفتے عائد کی گئی تھی۔ ان کے ساتھ متعدد دیگر لوگوں کو بھی نامزد کیا گیا تھا جن پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈیمو کریٹک جو بائیڈن کے مقابلے میں شکست کھا جانے والے ریپبلکن کو وائٹ ہاؤس میں برقرار رکھنے کی کوشش میں ووٹروں کے فیصلے کو سبوتاژ کرنے کی سازش کی۔

فلٹن کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی فانی ولس فو ٹو رائٹرز
فلٹن کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی فانی ولس فو ٹو رائٹرز

ٹرمپ کسی بھی غلط اقدام سے انکار کرتے ہیں اور وہ تین دیگر مقدموں سمیت اس فوجداری مقدمے کو ان کی 2024 کی صدارتی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا نام دیتے ہیں۔

پیر کے روز زرِ ضمانت ان تین وکلاء کے لیے بھی طے کیا گیا جن پر ٹرمپ کے ساتھ ہی فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ ان تینوں وکلاء میں ریکو کے لیے 20 ہزار ڈالر، جان ایسٹ مین کے لیے ایک لاکھ ڈالر اور رے سمتھ کے لیے 50 ہزار ڈالر زرِ ضمانت طے کیا گیا ہے۔

دیگر نامزد شخصیات میں وائٹ ہاؤس کے سابق چیف آف سٹاف مارک میڈوز، ٹرمپ کے اٹارنی اور نیو یارک شہر کے سابق مئیر روڈی جولیانی اور ٹرمپ انتظامیہ میں محکمہ انصاف کے عہدیدار جیفری کلارک شامل ہیں جنہوں نے اس وقت کے صدر ٹرمپ کی جارجیا کےالیکشن میں شکست کوفتح میں بدلنے کی کوشش کی۔

(اس خبر کے لیے مواد اے پی سے لیا گیا)

فورم

XS
SM
MD
LG