|
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو برینٹ بوزیل تھرڈ کو امریکی ایجنسی برائے عالمی میڈیاکی سربراہی کے لیے اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ یہ ادارہ وائس آف امریکہ اور دیگر آزاد نیوز نیٹ ورکس کی نگرانی کرتا ہے۔
صدر نے سماجی رابطے کی پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بدھ کی شب ایک پوسٹ میں کہا کہ میڈیا ریسرچ سینٹر کے بانی اور 38 برس تک اس کے صدر رہنے والے برینٹ کے مقابلے میں بہت ہی کم لوگ عالمی سطح پر پرنٹ، ٹیلی ویژن اور آن لائن میڈیا کو سمجھتے ہیں۔
بوزیل ایک قدامت پسند سیاسی کارکن اور مصنف ہیں۔ انہوں نے میڈیا ریسرچ سینٹر (MRC)کی بنیاد رکھی جس کا مقصدمیڈیا اور مقبول ثقافت میں آزاد خیالی پر مبنی تعصب کی نشاندہی اور اس کا مقابلہ کرنا ہے۔
ایم آر سی نےٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی چیلنج کیا، جن کے متعلق اس کا کہنا ہے کہ وہ قدامت پسند آوازوں کو دبا رہی ہیں۔
بوزیل کی سینیٹ سے توثیق کے لیے سماعت کی تاریخ ابھی مقرر نہیں ہوئی ہے۔ اس وقت کانگریس وفاقی اداروں کی سربراہی کے لیے صدر کی جانب سے نامزد کیے جانے والوں کی توثیق کے لیے سماعت کر رہی ہے۔
بوزیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پراپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ یہ نامزدگی ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
ان کی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ، ’ بہت سا کام ہونا ابھی باقی ہے۔ میں توثیق کے لیے اپنی سماعت سے پہلے سینیٹرز سے ملنا چاہتا ہوں تاکہ یہ جان سکوں کو صدر کی ترجیحات کس طرح بہترین انداز میں پوری کی جا سکتی ہیں۔
سینیٹ سے توثیق ہونے کے بعد بوزیل یوایس اے جی ایم(USAGM) کی قیادت کریں گے۔یہ تنظیم خبررسانی اور سینسر شپ کا مقابلہ کرنے والے کئی اداروں کی نگرانی کرتی ہے، جس کے ہفتہ وار سامعین کی تعداد 42 کروڑ سے زیادہ ہے ۔
یوایس اے جی ایم کے تحت کام کرنے والی تنظیموں میں وائس آف امریکہ، کیوبا براڈکاسٹنگ آفس اور غیرمنافع بخش ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی، ریڈیو فری ایشیا، دی میڈل ایسٹ براڈ کاسٹنگ سروس، اوپن ٹیکنالوجی فنڈ اینڈ فرنٹ لائن میڈیا فنڈ شامل ہیں۔
سینیٹ سے توثیق ہونے کے بعد بوزیل ایک ایسے اہم وقت میں یوایس اے جی ایم کی قیادت سنبھالیں گے جس میں چینی اور روسی سرکاری پراپیگنڈا اثرانداز ہو رہا ہے اور دشمن ممالک میں صحافیوں کے تحفظ کو خطرات لاحق ہیں۔
یوایس اے جی ایم کے نیٹ ورکس کے ساتھ کام کرنے والے کم ازکم 11 صحافی اس وقت میانمار، بیلا روس، آذربائیجان، ویت نام اور روس کے زیر قبضہ علاقے کرائمیا میں قید میں ہیں۔ جب کہ خطرناک ماحول میں رپورٹنگ کرنے والے کئی صحافی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جن میں دسمبر میں، ہیٹی میں، وی او اے کے ایک فری لانسر کی ایک گینگ حملے میں ہلاکت شامل ہے۔
بدھ کو یوایس اے جی ایم کی قیادت کے لیےانکی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بوزیل اور ان کے خاندان نے مساوات اور انصاف کے امریکی اصولوں کے لیے جدو جہد کی ہے۔
بوزیل کے والد ایل برینٹ بوزیل نے ایک قدامت پسند کیتھولک میگزین شروع کیا۔ انہوں نے سینیٹر بیری گولڈ واٹر کے اسپیچ رائٹر(تقریریں لکھنے والے)کی حیثیت سے کام کیا اور 1970 میں اسقاط حمل کے خلاف واشنگٹن میں پہلا جلوس نکالا تھا۔
(وی او اے نیوز)
فورم