ترکی کے سرکاری ٹیلی ویژن نے خبر دی ہے کہ ایران کے ساتھ سرحد کے قریب جنوب مشرقی ترکی میں آنے والے ایک شدید زلزلے کے باعث کم از کم75 افراد ہلاک اور 150زخمی ہوگئے ہیں۔
7.2شدت کا یہ زلزلہ اتوار کی شام صوبہٴ وان میں آیا۔ بعد ازاں، کئی ایک شدید آفٹر شاکس کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
اِرسس نامی قصبہ زلزلے کی سب سے زیادہ زد میں آیا۔
مقامی ذرائعِ ابلاغ نے ارسس میں حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ تباہ ہونے والی املاک میں کئی منزلہ عمارتیں، ہوٹل اور تعلیمی اداروں کی اقامت گاہیں شامل ہیں۔ ارسس کے میئر نے فوری امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ٹیلی ویژن فوٹیج میں وان کےقریبی شہر میں منہدم عمارتوں اورتباہ شدہ موٹر گاڑیوں کو دکھایا گیا ہے، جب کہ ملبے تلے زندہ لوگوں کی تلاش کےکام میں مدد دینے کے لیے لوگوں کے ہاتھوں میں کدال اور لوہے کی سلاخوں سے کھدائی کرتے دکھایا گیا ہے۔
ارضیات کی کلیدی ’فالٹ لائنس‘ ا ِس خطے سے گزرتی ہیں اور یہاں اکثرو بیشتر زلزلے کےچھوٹے جھٹکے آتے رہتے ہیں۔