ترک ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ ترکی کے پارلیمان نے جمعرات کے روز ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ میں توسیع کی منظوری دی ہے، جسے 2016ء کے موسم گرما میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد نافذ کیا گیا تھا۔
یہ چَھٹی توسیع ہے، جو جمعے کے روز ایک بجے رات سے نافذ العمل ہوگی۔
اس کی اطلاع ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے، ’انادولو‘ نے دی ہے۔ ترکی کے آئین کے مطابق، ہنگامی صورتِ حال زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔
موجودہ توسیع کے بعد ترکی میں ہنگامی صورت حال کے نفاذ کو ڈیڑھ سال ہو چکا ہے، جس دوران نئے قوانین کی منظوری، اور حقوق اور آزادیاں معطل کرنے کا اختیار صدر اور حکومت کے پاس ہوگا، جو پارلیمان کی اجازت کے بغیر ایسا اعلان کر سکتے ہیں۔
سال 2016ء میں جب پہلی بار ہنگامی حالت نافذ کی گئی تھی، اب تک ترکی میں اندازاً 50000 افراد کو قید کیا گیا ہے، جب کہ 110000 کو نوکریوں سے معطل کیا گیا یا ہٹایا گیا۔