رسائی کے لنکس

ایف سولہ طیارہ تباہ: یوکرین کی فضائیہ کے سربراہ عہدے سے فارغ


  • یوکرینی فضائیہ کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل میکولا اولیسچک کو برطرف کرنے کا حکم صدارتی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔
  • اپنے تمام اہلکاروں کا تحفظ کرنے کی ضرورت ہے۔ یوکرین کو کمانڈ کی سطح پر اپنی فوج کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے: زیلنسکی
  • یوکرینی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 26 اگست کو روسی حملے کے دوران فضائیہ کا ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ اور پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔
  • یوکرین کی خاتون رکنِ اسمبلی نے دعویٰ کیا تھا کہ ایف سولہ لڑاکا طیارہ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم نے گرایا ہے۔
  • لیفٹننٹ جنرل میکولا اولیسچک نے الزام عائد کیا تھا کہ خاتون رکن فضائیہ اور امریکہ کی اسلحہ ساز کمپنیوں کو بدنام کر رہی ہیں۔

ویب ڈیسک یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ایف سولہ لڑاکا طیارہ تباہ ہونے کے واقعے کے چار روز بعد فضائیہ کے سربراہ کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق یوکرینی فضائیہ کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل میکولا اولیسچک کو برطرف کرنے کا حکم صدارتی ویب سائٹ پر جمعے کو جاری کیا گیا تھا۔

صدارتی حکم نامے کے بعد صدر زیلنسکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو کمانڈ کی سطح پر اپنی فوج کو مضبوط کرنے اور اپنے لوگوں اور تمام اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

یوکرینی آرمی کے جنرل اسٹاف کے مطابق لیفٹننٹ جنرل اناتولی کرونوزکو کو قائم مقام ایئر فورس کا کمانڈر تعینات کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرینی فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ 26 اگست کو روسی حملے کے دوران فضائیہ کا ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ اور پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔

ایف سولہ طیارہ گرنے سے متعلق افواہیں تھیں کہ یہ فضائیہ کی غلطی کی وجہ سے گرا ہے۔

فضائیہ کے سربراہ کو اسی روز عہدے سے ہٹایا گیا جب انہوں نے پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کی ایک خاتون رکن بیزولا پر تنقید کی تھی جن کا دعویٰ تھا کہ ایف سولہ لڑاکا طیارہ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم نے گرایا ہے۔

یوکرین کی فضائیہ نے اب تک براہِ راست اس دعوے کی تردید نہیں کی ہے کہ ایف سولہ طیارہ پیٹریاٹ میزائل کا نشانہ بنا تھا۔ البتہ فضائیہ کا کہنا ہے کہ امریکی ماہرین طیارے کے تباہ ہونے کی تحقیقات میں شامل ہو گئے ہیں۔

لیفٹننٹ جنرل میکولا اولیسچک کا کہنا تھا کہ خاتون رکن فضائیہ اور امریکہ کی اسلحہ ساز کمپنیوں کو بدنام کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا تھا کہ خاتونِ رکن اسمبلی کو اپنے دعوؤں پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تاہم جنرل میلوکا کو عہدے سے ہٹانے کے صدارتی حکم کے بعد رکن اسمبلی بیزولا نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ "سچ جیتے گا۔"

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG