رسائی کے لنکس

نائجیریا: آئل ٹینکر پھٹنے سے 70 افراد جھلس کر ہلاک


فائل
فائل

حکام کا کہنا ہے کہ بری طرح جھلسنے کے باعث لاشوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

نائجیریا میں ایک آئل ٹینکر کے بس اڈے میں گھسنے اور نتیجے میں بھڑکنے والی آگ سے لگ بھگ 70 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کےمطابق واقعہ جنوب مشرقی شہر اونتشا میں اتوار کی شام پیش آیا۔ شہر میں امدادی سرگرمیوں سے منسلک ایک افسر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے بیشتر افراد کی لاشیں اس حد تک جھلس گئی ہیں کہ ان کی شناخت بھی ممکن نہیں۔

علاقہ پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹینکر تیزرفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک بس اڈے میں جا گھساتھا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔حادثے کے وقت بس اڈے پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ بیشتر افراد زندہ جل کر ہلاک ہوئے ہیں۔ بری طرح جھلسنے کے باعث لاشوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

حکام کا کہناہے کہ حادثے کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ بس اڈے پر موجود کم از کم 13 گاڑیاں بھی خاکستر ہوگئی ہیں۔

نائجیریا خام تیل کی پیداوار کے اعتبار سے افریقہ کا سب سے بڑا ملک ہے لیکن آئل ریفائنریز کی خستہ حالی کے سبب یہ اپنی ضرورت کا بیشتر تیل بیرونِ ملک سے درآمد کرتا ہے جسے بندرگاہوں سے ٹینکروں کے ذریعے ملک کے دیگر علاقوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔

افریقہ کے اس سب سے بڑے ملک میں تیل کی روزانہ کھپت چار کروڑ لیٹر کے لگ بھگ ہے۔

XS
SM
MD
LG