رسائی کے لنکس

امریکی ابرامز ٹینک یوکرینی فوج کی تربیت کے لیے اگلے ماہ جرمنی پہنچ جائیں گے


فائل فوٹو - امریکی فوجی 25 نومبر 2022 کو بیموو پسکی، پولینڈ، میں تربیتی مشق کے دوران M1A1 ابرامز ٹینک چلا رہے ہیں۔
فائل فوٹو - امریکی فوجی 25 نومبر 2022 کو بیموو پسکی، پولینڈ، میں تربیتی مشق کے دوران M1A1 ابرامز ٹینک چلا رہے ہیں۔

امریکہ کے جدید M1A1 ابرامز ٹینک مئی میں جرمنی پہنچیں گے جہاں سینئر حکام کے مطابق یوکرینی فوجیوں کو ان کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔

امریکی زیرقیادت تربیت میں تقریباً 250 یوکرینی شامل ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم خزاں تک 31 ابرامز ٹینک یوکرین پہنچائے جائیں گے جو کہ اس سے پہلے جو توقع کی جا رہی تھی اس سے بہت پہلے پہنچ رہے ہیں۔

جرمنی میں جمعے کو اجلاس کرنے والے امریکہ کے اعلی ترین فوجی عہدے داروں نے روس کے حملے کےخلاف یوکرین کی اس وقت تک مدد کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جب تک اسے اس کی ضرورت ہوگی ۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے جرمنی میں رامسٹین ایئر بیس پر یوکرین ڈیفنس کانٹیکٹ گروپ (UDCG) کے 11ویں اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات کی۔

یہ گروپ 50 سے زیادہ ملکوں پر مشتمل ہے ۔ نیٹو کے اراکین کے علاوہ کم از کم 20 دوسرے ممالک بھی فوجی سازوسامان اور تربیت فراہم کر کے روس کے حملے کے خلاف یوکرین کے دفاع کی مدد سے وابستہ ہیں۔

جرمنی میں رامسٹین ایئر بیس پر خطاب کرتے ہوئےآسٹن نے کہا کہ گروپ کے اراکین نے یوکرین کے لیے 55 ارب ڈالر سے زیادہ کی سیکیورٹی امداد فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی حملے کے ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد یوکرین اب بھی مضبوط کھڑا ہے۔

آسٹن نے کہا، ’’ ہماری حمایت میں کوئی کمی نہیں آئی، اور مجھے اس پیش رفت پر فخر ہے جو ہم نے مل کر کی ہے‘‘۔

آسٹن کے مطابق گزشتہ چند مہینوں میں گروپ کے اراکین نے نو اضافی بکتر بند بریگیڈوں کی مدد کے لیے کافی سامان اور تربیت فراہم کی ہے۔

ابرامز کے ٹینک لڑائی میں ایک طویل انتظار کے بعد شامل ہوں گے۔ ٹینک کی موٹی بکتر اور 1500 ہارس پاور ٹربائن انجن اسے سوویت دور کے ان ٹینکوں سے کہیں زیادہ جدید بناتا ہے جو یوکرین جنگ کے آغاز سے استعمال کر رہا ہے۔

31 ابرامز ٹینک اگلے ماہ جرمنی کے گرافین ووہر ایئر بیس پر پہنچیں گے جس کے بعد یوکرینی ٹینکوں کو چلانے کے طریقے کے بارے میں دس ہفتے کا کورس شروع کر سکیں۔

سیکیورٹی کے معاملات پر بات کرنے کے لیے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکام نے بتایا کہ انہیں ٹریننگ اور ٹینکوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے کورسز بھی کرائے جائیں گے۔

(کارلا باب، وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG