امریکہ کے محکمۂ دفاع نے کہا ہے کہ انتہائی خفیہ دستاویزات کے منظر عام پر آنے سے متعدد ایجنسیاں قومی سلامتی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
پینٹاگان کی ڈپٹی پریس سیکریٹری سبرینا سنگھ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمۂ دفاع سوشل میڈیا سائٹس پر گردش کرنے والی دستاویزات کی تصاویر کے اصلی ہونے کا جائزہ لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ان میں حساس اور انتہائی درجہ کا خفیہ مواد موجود ہے۔
سبرینا سنگھ نے کہا کہ قومی سلامتی پینٹاگان کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی پریس سیکریٹری نے کہا کہ امریکہ کے حکام اتحادیوں اور شراکت داروں سے رابطے میں ہے اور ستاویزات سامنے آنے کے بارے میں دائرہ اختیار رکھنے والی کانگریس کی متعلقہ کمیٹیوں کو مطلع کر دیا گیاہے۔
قبل ازیں جمعے کو امریکہ کے محکمۂ انصاف نے کہا تھا کہ اس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سوش میڈیا پر زیرِ گردش معلومات میں روس کی یوکرین میں جنگ اور امریکی اتحادیوں کے اس کے بارے میں جائزے شامل ہیں۔
اس رپورٹ میں شامل مواد اے پی، اے ایف پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے۔