رسائی کے لنکس

امریکی وفد کی پاکستانی حکام سے ملاقات، افغان پناہ گزینوں کی آباد کاری پر بات چیت


امریکہ کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد نے منگل کو پاکستان کے نمائندۂ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران افغان پناہ گزینوں اور ان کی آباد کاری کے معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں امریکہ کی اسسٹنٹ سیکریٹری برائےآبادی، پناہ گزین و مائیگریشن جولیٹا والس نوئیس کے ہمراہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی ہمراہ تھے۔

جولیٹا نوئیس اپنے تین روزہ دورے پر سوموار کو ہی پاکستان پہنچی تھیں۔ امریکی سفارت خانے کے مطابق اپنے دورے کے دوران وہ اسلام آباد میں پاکستانی حکام کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری اور بین الاقوامی اداروں کے شراکت داروں سے ملاقات کریں گی تاکہ عدم تحفظ کا شکار افراد کو تحفظ فراہم کرنے کی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ امریکی نمائندہ اس امر کا جائزہ لیں گی کہ امریکہ جانے کے منتظر افغان مہاجرین کی آباد کاری کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

پاکستان نے اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ یکم نومبر سے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اُن کے آبائی ملکوں میں بھیج دیا جائے گا جس کے بعد سے اب تک تین لاکھ سے زائد افغانوں کو واپس بجھوایا جاچکا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا تھا کہ رواں ہفتے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری جولیٹا والس نوئیس سمیت امریکہ کے مختلف عہدے دار پاکستان کا دورہ کریں گے۔

آئندہ دنوں میں جن اہم امریکی عہدیداروں کے پاکستان کے دورے ہو نا ہیں ان میں افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی ٹام ویسٹ شامل ہیں جو سات سے نو دسمبر تک اسلام آباد کا دورہ کریں گے جب کہ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ نو سے 12 دسمبر تک پاکستان میں ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق امریکی عہدیداروں کے دورے صرف افغانستان کے ساتھ مسائل تک ہی محدود نہیں بلکہ یہ دورے افغانستان کی صورتِ حال سمیت متعدد مسائل پر جاری مذاکرات کا حصہ ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG