امریکہ میں بدھ کے روز یوم آزادی کا جشن جاری ہے۔
امریکی برطانیہ سے علیحدگی کی 242ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جس روز روایتی طور پر لوگ پکنک مناتے ہیں، اور ملک بھر میں ہونے والی پریڈ اور آتشبازی کی تقاریب میں شرکت کرتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور خاتون اول ملانیا وائٹ ہاؤس میں فوجی خاندانوں کے لیے پکنک کا اہتمام کر رہے ہیں۔
چار جولائی کو روایتی طور پر واشنگٹن کے ’نیشنل آرکائوز‘ کی عمارت کی سیڑھیوں پر ’اعلانِ آزادی‘ کی دستاویز کو پڑھا جاتا ہے۔ عمارت کے اندر، آئین کی اصل دستاویز اور ’بِل آف رائٹس‘ کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جاتا ہے، تاکہ عام لوگ انہیں دیکھ سکیں۔
مطالعے کے فوری بعد، پریڈ منعقد ہوتی ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ کونسٹی ٹیوشن اوینو کی عمارت کے سامنے 10 بلاک دور مغرب کی جانب چلتے ہیں، جہاں وہ وائٹ ہاؤس اور پہلے امریکی صدر جارج واشنگٹن کی یادگار کے پاس سے گزرتے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس کیپیٹل پر ایک محفل موسیقی بھی منعقد ہوگی، جس میں ’دی بیچ بوائز‘، ’چیتا رویرا‘، ’اینڈی گریمر‘، ’دی ٹیمپ ٹیشنز‘، ’سی سی ونانز‘ اور ’نیشنل سمفنی آرکیسٹرا‘ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
شام کے وقت تقاریب کا اختتام ایک شاندار آتشبازی پر ہوگا۔