رسائی کے لنکس

عراق میں داعش کے حملے، امریکہ کی سخت مذمت


بغداد
بغداد

محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کے لیے، امریکہ حکومتِ عراق اور اتحادی ساجھے داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا

امریکہ نے حالیہ دِنوں کے دوران بغداد اور اُس سے ملحقہ صوبوں میں ’دولت اسلامیہ فی العراق والشام‘ کی طرف سے کیے جانے والے حملوںٕ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جِن کے نتیجے میں بیسیوں بے گناہ ہلاک ہوئے، جِن میں خودکش دھماکے، گاڑیوں میں سوار ہو کر کیے جانے والے حملے اور دیگر قسم کے تباہی کے حربے شامل ہیں۔

امریکی محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، جین ساکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اِن حملوں میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ’باہمت ‘افراد ہلاک ہوئے، جن کا عراقی معاشرے کے سارے طبقات سے تعلق ہے، جن میں صوبہٴبصرہ سے پارلیمان کے منتخب رکن احمد الخفاجی؛ اور صوبہٴ انبار کے پولیس سربراہ، میجر جنرل احمد صداق الدلیمی شامل ہیں۔

ترجمان نے ہلاک ہونےوالوں کے پسماندگان سے تعزیت کی ہے اور زخمی ہونے والوں کی تیزی سے صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

جین ساکی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کے لیے، امریکہ حکومتِ عراق اور اتحادی ساجھے داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنے عراقی پارٹنرز کے ساتھ مل کر داعش کے لیڈروں، جنگجوؤں، رسد اور اسلحے، تنصیبات اور محفوظ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔ ساتھ ہی، داعش کی سرگرمیوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے، عراقی سکیورٹی افواج کی صلاحیت بڑھانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اِن حملوں کی مدد سے، داعش عراقی معاشرے کےمتنوع تانے بانے کی چیر پھاڑ پر تُلا ہوا ہے، جس ہدف پر وہ گذشتہ ایک عشرے سے گامزن ہے، جب وہ عراق میں القاعدہ کے نام سے اپنی سرگرمیاں چلایا کرتا تھا۔

ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اِن حربوں کا مقابلہ حوصلے سے کیا جاتا رہا ہے؛ اور اب جب کہ، دنیا داعش کو کمزور کرنے اور شکست دینے کی جاری عالمی کارروائی میں متحد ہے، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک بار پھر مقابلے کے میدان میں کامیابی حاصل ہوگی۔

جین ساکی نے کہا کہ ایسے میں جب عراقی پُرتشدد انتہا پسندوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، اور عراقی آئین کے مطابق ایک متحد، وفاقی، تمام برادریوں کی شمولیت پر مبنی نمائندہ حکومت اور ایک جمہوری ریاست کی پاسداری کرتے رہیں گے، امریکہ ملک کے تمام حصوں سے تعلق رکھنےو الے سارے عراقی شہریوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔

XS
SM
MD
LG