امریکی ایوانِ نمائندگان نے ریاست ایریزونا میں پیش آنے والے فائرنگ کے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایک نو سالہ بچی اور ایک وفاقی جج سمیت چھ افراد ہلاک اور ایک خاتون رکنِ کانگریس سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ایوان کے اسپیکر جان بوہینر کی جانب سے بدھ کے روز پیش کی جانے والی ایک قرارداد کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دی جس میں واقعے میں ہلاک ہونے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا تھا اور ایوانِ نمائندگان کی خاتون رکن گیبریل جیفورڈ سمیت زخمی ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا تھا۔
قرارداد میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام چھ افراد کا نام لے کر انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔
امریکی رکنِ کانگریس گیبریل جیفورڈگزشتہ ہفتے ایریزونا کے شہر ٹکسن میں ایک اسٹور کے باہر اپنے ووٹرز سے ملاقاتیں کررہی تھیں جب ایک مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی تھی۔
ایوانِ نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کی رہنما نینسی پیلوسی کا کہنا تھا فائرنگ کا واقعہ اس لیے بھی زیادہ اندوہناک ہے کہ مسلح شخص نے ا ن افراد کو نشانہ بنایا جو ان کے بقول "امریکہ کے جمہوری نظام کی بہترین اور مثالی روایت" کی ادائیگی میں مصروف تھے۔
امریکی صدر براک اوباما اور خاتونِ اول مشیل اوباما نے بدھ کے روز ایریزونا کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔
واقعے میں زخمی ہونے والی ہاؤس ممبر گیبریل جیفورڈ ایریزونا کے ایک مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق جیفورڈ کے سر میں گولی لگی ہے تاہم ان کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے۔
بدھ کے روز ہونے والے ایوانِ نمائندگان کے اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ایوان کے ارکان کو ان کی اور ان کے اسٹاف کی سلامتی اور حفاظت سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔